بے نامی اکاؤنٹس کے بعد بے نامی گاڑی منظر عام پر آ گئی

چنیوٹ میں ایک غریب نوجوان کو لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی کا چالان موصول ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 12 اپریل 2019 13:29

بے نامی اکاؤنٹس کے بعد بے نامی گاڑی منظر عام پر آ گئی
چنیوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اپریل 2019ء) : بے نامی اکاؤنٹس کے بعد بے نامی گاڑی بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ پنجاب کی تحصیل چنیوٹ میں ایک غریب نوجوان کو لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی کا چالان موصول ہو گیا جسے دیکھ کو وہ خود بھی حیران رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے موضع ڈاور کے رہائشی 22 سالہ بابر علی کے پاس اپنی سائیکل بھی نہیں ہے لیکن اس کے نام پر لاکھوں روپے کی گاڑی نکل آئی۔

یہ انکشاف پوسٹ آفس کی جانب سے موصول ہونے والے چالان میں ہوا۔ چالان حاصل کرنے والے نوجوان بابر علی کا کہنا تھا کہ میں لاہور کبھی نہیں گیا لیکن میرے نام پر گاڑی نمبر ایل ای اے-2374 لاہور میں چل رہی ہے۔ بابر علی نے کہا کہ حقیقت میں تو میں سائیکل کا بھی مالک نہیں ہوں۔ بابر علی نے متعلقہ حکام سے اس معاملے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل ملک بھر میں بے نامی اکاؤنٹس کی گونج تھی جس میں کئی غریب افراد کے اکاؤنٹس میں لاکھوں ، کروڑوں اور کبھی کبھی تو اربوں روپے ہونے کا انکشاف بھی ہوا تھا جس کے بعد ایف بی آر نے بے نامی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گذشتہ ماہ مارچ میں ایف بی آر نے ملک بھر میں مشکوک ٹرانزیکشن کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کیا تھا۔

جس کے تحت بے نامی اکاؤنٹس یا مشکوک ٹرانزیکشن کیخلاف آپریشن لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں شروع کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ایمنسٹی اسکیم پر غور کررہے ہیں لیکن ابھی تک ایف بی آر کو ہدایات نہیں ملیں۔ ایک طرف جہاں بے نامی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں وہیں دوسری جانب اب ایک بے نامی گاڑی بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس نے حکام کو بھی پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔