پاکستانی ڈی ٹی ایچ نومبر تک لانچ کر دیا جائے گا،چیئرمین پیمرا

کیبل آپریٹرز کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے، کیبل آپریٹرز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،مرزا سلیم بیگ کی پریس کانفرنس

جمعہ 12 اپریل 2019 20:02

پاکستانی ڈی ٹی ایچ نومبر تک لانچ کر دیا جائے گا،چیئرمین پیمرا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2019ء) پیمراکے چیئرمین محمد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ ملک میں بھارتی چینلز دکھانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، پاکستانی ڈی ٹی ایچ نومبر تک لانچ کر دیا جائے گا۔چیئرمین پیمرا محمد سلیم سے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین خالد آرائیں کی سربراہی میں ملاقات کی اور اپنے مطالبات انہیں پیش کیے۔

چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے خالد آرائیں کے ہمراہ ریجنل ہیڈکواٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیبل آپریٹرز کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے، کیبل آپریٹرز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز پاکستانی چینلز کو آگے لے کر آئیں، کیبل ایسوسی ایشن نے آخری بار سبسکرپشن فیس میں کمی کامطالبہ کیا تھا، جس پر کیبل آپریٹرز کی سالانہ فیس میں کمی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان خالد آرائیں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کیبل آپریٹرز بھارتی چینل اور بھارتی مواد نہیں دکھائیں گے تاہم انٹرنیٹ آپریٹرز کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔خالد آرائیں نے کہا کہ جو اشتہارات مختلف سائٹس پر دکھائے جا رہے ہیں ان پر پابندی عائد کی جائے اور ڈی ٹی ایچ کے آنے سے کیبل آپریٹر کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔چیئرمین کراچی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایسشن محمد حسین کا کہنا تھا کہ ڈی ٹی ایچ اور آئی پی ٹی وی پر قانون برابر ہونا چاہیے۔کیبل آپریٹرز نے بھی اپنا ڈی ٹی ایچ لانے کا اعلان کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی دہرایا کہ کیبل آپریٹرز زبوں حالی کا شکار ہیں جس کے باعث سبسکرپشن فیس میں مزید کمی کی جانی چاہیے۔