پاکستان کرکٹ بورڈ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ایک قدم آگے بڑھائے ہم پانچ قد م آگے بڑھائیں گے،جام کمال

پی سی بی صوبے میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو تراشنے میں ہماری مدد کرے،وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 16 اپریل 2019 20:48

پاکستان کرکٹ بورڈ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ایک قدم آگے بڑھائے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ایک قدم آگے بڑھائے ہم پانچ قد م آگے بڑھائیں گے، پی سی بی صوبے میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو تراشنے میں ہماری مدد کرے اور کلب کرکٹ کے فروغ کے لئے آگے آئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور بورڈ کے دیگر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، صوبائی وزراء میر نصیب اللہ مری، محمد خان لہڑی، وفاقی سیکریٹری اکبر حسین درانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری کھیل اور بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام اور ضلعی سطح پرکرکٹ کوچنگ کے ذریعہ بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں قومی ٹیم کے لئے تیار کی جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت کھیلوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ جب تک ہم خود کھیل کے شعبہ میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے کھیلوں میں معیار نہیں آئے گا، سہولتیں ہوں گی تو ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے شامل کئے جائیں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر اور سپانسر اینگرو کمپنی نے کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا وعدہ کیا ہے، چیئرمین پی سی بی نے وزیراعلیٰ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ میں ان کی دلچسپی کو سراہا، انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کو صوبائی سطح پر ڈیوالو(Devolve) کیا جارہا ہے ، صوبوں پر مشتمل ٹیمیں تیار کی جائیں گی، وزراء اعلیٰ کو صوبائی پیٹرن انچیف مقرر کیا جائے گا، انہوں نے بلوچستان میں ضلع کی سطح پر کرکٹ کوچنگ سمیت دیگر سہولتوں اور ضلع اور صوبے کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے فنڈز کی فراہمی کا یقین دلایا جبکہ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اکبر بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں فلڈ لائٹ کی تنصیب اور کرکٹ اکیڈمی اور اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے اراضی کی فراہمی کا اعلان کیا۔