سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کی پولیس چوکی پر قائم پلازہ کی تعمیر کیخلاف درخواست کی سماعت

بدھ 17 اپریل 2019 00:28

سکھر۔ 16اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں پولیس چوکی پر قائم پلازہ کی تعمیر کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ کے جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کیس کی سماعت کی،عدالت میں ایڈوکیٹ جنرل سندھ شفیع محمد چانڈیو، اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نور حسن ملک ، اسسٹنٹ ایڈوکیٹ آٖغا اطہر پٹھان پیش ہوئے، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ شفیع محمد چانڈیو نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ پلازہ مکمل خالی کرایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس شفیع صدیق نے استفسار کیا کہ پولیس چوکی پر قائم پلازہ مسمار کر دیا جائیگا یا عمارت کسی بھی دوسرے استعمال میں لائی جائے گی،عدالت نے ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں سے اس ضمن میں ایک ہفتہ کے اندر پلازہ کو مسمار کیا جانے یادوسرے استعمال کی بابت رپورٹ طلب کر لی ہے واضح رہے کہ عدالت عالیہ میں دائر درخواست پر عدالت نے ڈھکروڈ سکھر پر پولیس چوکی پر تعمیر کیے گئے رہائشی پلازہ کا قبضہ خالی کرایا جانے کا حکم دیا تھا ۔