عوام میں آنے والی تبدیلی کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں‘شہباز شریف

جہاں بھی آزادانہ ،شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوں گے انشااللہ مسلم لیگ (ن) ہی فاتح ہوگی صدر (ن) لیگ کی گجرات، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں پارٹی کی انتخابی فتح پر عہدیداروں، کارکنان اور عوام کو مبارک

بدھ 17 اپریل 2019 19:50

عوام میں آنے والی تبدیلی کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں‘شہباز شریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گجرات میں میئر، ڈی جی خان میں ڈپٹی میئر، اورمیونسپل کمیٹی جڑانوالہ(طلال چوہدری گروپ)، فیصل آباد سے انتخابی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو مبارکبا د دی اور کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں یہ فتح نصیب فرمائی۔

انہوں نے کہاکہ عوام میں آنے والی تبدیلی کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ آج کا دن بلدیاتی نظام کے مخالفوں پر عوام کے عدم اعتماد کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی نتائج واضح عوامی ردعمل اور ان کی رائے بیان کررہے ہیں۔ ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں یہ فتح نصیب فرمائی۔

(جاری ہے)

جہاں بھی آزادانہ ،شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوں گے انشااللہ مسلم لیگ (ن) ہی فاتح ہوگی۔

عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نومنتخب میئر، ڈپٹی مئیر اور میونسپل کمیٹی کی کامیابی ان پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ ہم گجرات، جڑانوالہ اور ڈی جی خان کے عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن)پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے اور ماضی کی طرح ہر سطح پر ان کی بھرپور خدمت کریں گے۔

شہبازشریف نے کہاکہ آج کے دن بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے اس امر کا بھی واضح اظہار ہوتا ہے کہ عوام اس نظام پر اعتماد کرتے ہیں۔ عوام نے لوکل باڈیز کے نظام کو ختم کرنے کے حکومتی منصوبہ پر عدم اعتماد کردیا ہے۔ عوام نے اپنی رائے سے بتادیا ہے کہ وہ اس نظام کو ختم کرنے کے لئے حکومتی قانون سازی کے اقدام کے حق میں نہیں۔