یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں آزادی کشمیراور پاک بھارت تنازعات پرسیمینارکاانعقاد

جمعرات 18 اپریل 2019 01:34

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں آزادی کشمیراور پاک بھارت تنازعات پرسیمینارکاانعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2019ء) یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں آزادی کشمیراور پاک بھارت تنازعات پرسیمینارکاانعقادکیا گیا۔یوسی پی میڈیا کلب اور سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے اشتراک سے ہونے والے سیمینار کی مہمان خصوصی چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن اور حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک جبکہ گیسٹ آف آنرپروریکٹر یوسی پی ڈاکٹر نظام الدین تھے ، سیمینار سے مشعال ملک کے علاوہ پروریکٹر یوسی پی پروفیسرڈاکٹر نظام الدین، میڈیا سکول کے ڈین ڈاکٹر حنان احمد،جنرل(ر) غلام مصطفی اورسینئر تجزیہ کار سلمان غنی نے بھی خطاب کیا۔

مشعال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر جہد مسلسل کی روشن مثال ہے۔حق ارادیت کشمیریوں سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ سوشل میڈیا پر اپنے فن اور صلاحیتوں کے ذریعے کشمیر کاز کیلئے بھرپور کردار ادا کریں ۔انکا مزید کہنا تھا ہمیں انفرادی اور مجموعی سطح پر سوچ اور عمل اورتنازعہ کشمیر کو دل سے محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔

پروریکٹر ڈاکٹر نظام الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہیں۔اس کی ترویج کیلئے موثر تحقیق اور ڈاکومنٹڈ پروجیکٹس بھی ہونے چاہیں۔عالمی سطح پراس تنازعہ کو اجاگر نے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔سینئر تجزیہ کارسلمان غنی نے کہا کہ کشمیریوں کی تیسری نسل میدان عمل میں ہے۔برہان وانی نے آزادی کشمیر کیلئے عظیم قربانی پیش کی۔

انکا کہنا تھا عالمی طاقتیں تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں۔کشمیری نوجوانوں نے آزادی کشمیر کے قافلے کی بھاگ دوڑ سنبھالی ہے۔جنرل (ر)غلام مصطفی نے کہا کہ پاکستان دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے مگر اپنے بیانیے کو موثر انداز سے پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ہر فورم پر اس کیلئے آواز اٹھانا ہوگی۔ڈین یوسی پی میڈیا سکول پروفیسر ڈاکٹر حنان احمد نے خطاب میں کہا کہ بھارتی میڈیا جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے ۔

او آئی سی اور اقوام متحدہ کوتنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے یوسی پی میڈیا سکول کے پیٹرن عرفان علی اور ٹیم کو سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی ۔سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر حنان احمد اور ڈاکٹر نظام الدین نے مہمان خصوصی مشعال ملک، سلمان غنی اورجنرل(ر)غلام مصطفی کوخصوصی شیلڈاور سووینیربھی پیش کئے ۔اس موقع پر مشعال ملک نے یوسی پی کے ٹی وی پروڈکشن ہاؤس سٹوڈیوز اور ایف ایم ریڈیو کا بھی دورہ کیا اور انٹرویو بھی ریکارڈ کروایا۔