ن) لیگ کے راولپنڈی ،اسلام آباد کے عہدیداروں کا اجلاس ،حکومتی پالیسیوں، بڑھتی مہنگائی کیخلاف احتجاج کا فیصلہ

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سردار نسیم، انصر عزیز اور سردار ممتاز کو کارکنان کو متحرک کرنے کا ٹاسک دیدیا گیا

جمعرات 18 اپریل 2019 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومتی پالیسیوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دیگر حکومتی زیادتیوں کیخلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سردار نسیم، انصر عزیز اور سردار ممتاز کو کارکنان کو متحرک کرنے کا ٹاسک دیدیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راولپنڈی اور اسلام آباد کے عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں حکومتی پالیسیوں اور مہنگائی کیخلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ا س حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔پارٹی قیادت نے راولپنڈی و اسلام آباد عہدیداروں سے احتجاج پر تجاویز بھی طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مہنگائی کیخلاف احتجاج کے وقت اور طریقہ کار کی حکمت عملی پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے،مقامی عہدیداروں کی آراء کے بعد ماہ رمضان میں احتجاج کا لائحہ تشکیل دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

پارٹی قیادت نے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لئے مکمل تیاری کرنے ہدایات دی ہیں اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری، سردار نسیم، انصر عزیز اور سردار ممتاز کو کارکنان کو متحرک کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔اجلاس میں رانا ثناء اللہ نے ماہ رمضان میں احتجاج کی بجائے رمضان سے قبل احتجاج کرنے کی تجویز دی ۔ ذرائع کے مطابق احتجاج پارلیمنٹ ہائوس اور دیگر صوبائی اسمبلیوں کے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کے آئندہ اجلاس میں مزید ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔