Live Updates

غلام سرور خان کی وزارت پھر سے تبدیل کر دی گئی

پہلے وزارت توانائی کے بعد وزارت امور کشمیر دینے کا اعلان کیا گیا، تاہم اب غلام سرور کو وزارت ہوا بازی بنانے کا اعلان کردیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اپریل 2019 22:12

غلام سرور خان کی وزارت پھر سے تبدیل کر دی گئی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل2019ء) غلام سرور خان کی وزارت پھر سے تبدیل کر دی گئی، پہلے وزارت توانائی کے بعد وزارت امور کشمیر دینے کا اعلان کیا گیا، تاہم اب غلام سرور کو وزارت ہوا بازی بنانے کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیرِ پٹرولیم غلام سرور خان سے استعفیٰ طلب کیا تھا جس کے بعد خبر سامنے آئی تھی کہ انہیں وزارت امور کشمیر سونپی جائے گی۔

تاہم اب ترجمان وزیراعظم ہاوس کے اعلان کے بعد غلام سرور خان کو وزارت ہوا بازی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ میاں محمد سومرو سے ہوا بازی کی وزارت واپس لے کر غلام سرور خان کو یہ وزارت سونپ دی گئی ہے۔ اس سے قبل عمران خان نے اسد عمر کے استعفیٰ دینے کے بعد اب وزیرِ پٹرولیم سے استعفیٰ مانگ لیا ہے البتہ غلام سرور خان نے وزارت میں کام کرنے کے لیے مزید وقت مانگا۔

(جاری ہے)

تاہم وزیراعظم نے غلام سرور کو وزیر چھوڑنے کا حکم دیا جس کے بعد انہوں نے تحریک انصاف چھوڑنے کی دھمکی دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غلام سرور خان نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں وفاقی کابینہ سے نکالا گیا تو وہ تحریک انصاف اور حکومت کو خیرباد کہہ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق غلام سرور خان کی دھمکی کے بعد انہیں وفاقی کابینہ کا حصہ برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسری وزارت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب عمر ایوب کو وزارت توانائی کا عہدہ دے دیا گیا ہے۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو نیا وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ اس اعلان کے بعد خبریں سامنے آئیں کہ وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ایک روز کے اندر وفاقی کابینہ میں کی جانے والی تبدیلیوں کا اعلان کل کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات