بھکرجیسے خوبصورت شہر کو گٹر نما بنادیا گیا ہے،سعید اکبر خان نوانی

جمعہ 19 اپریل 2019 19:24

بھکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) بھکرجیسے خوبصورت شہر کو گٹر نما بنادیا گیا ہے۔ شہری کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انتظامیہ شہری آبادی پر ترس کھائے۔ شہریوں کے مسائل سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے جائیں۔ یہ بات ممبر صوبائی اسمبلی سعید اکبر خان نوانی نے گزشتہ روز نوانی گروپ کے سرگرم راہنما رانا محمد ادریس کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھکر شہر میں سیوریج کی ناگفتہ بہ حالت نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں۔ لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہورہا ہے ۔ شہریوں کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔لوگوں کے گھروں کی دیواریں منہدم ہورہی ہیں۔ پانچ سال تک سیوریج پر سیاست تو گئی مگر حقیقی معنوں میں اس پر کام زیرو رہا۔

(جاری ہے)

بھکر شہر کے باسی اپنے آپ کو اکیلا مت سمجھیں، ہم اُن کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھکر شہر کی حالت بہت بہتر تھی ، اب تو گلی محلے گٹر بنتے جارہے ہیں جگہ جگہ تعفن پھیل رہا ہے ، بیماریاں پھوٹ رہی ہیں۔ آخر شہر کو کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے، میں بھکر شہر کے باسیوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور ان شاء اللہ اُن کے مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھکر شہر کو بے سہارا اور بے آسرا چھوڑ دیا گیا ہے۔

شہر کے گلی کوچے جوہڑوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔ ہمارے ووٹرز سپورٹرز کے ساتھ مساوی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ انتظامیہ غیرجانبدارانہ کردار ادا کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ سعید اکبر خان نوانی نے کہا کہ وہ ہمہ وقت ضلع کے عوام بالخصوص بھکر شہر کے ہر باسی کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ اس موقع پر سعید اکبر خان نوانی نے خستہ حال سیوریج کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ بعدازاں اہل محلہ رانا محمد فہیم ، رانا ماسٹر محمد انور، رانا محمد سفیان ، رانا محمد شوکت علی اور عبدالرحمن ملک نے سعید اکبر خان نوانی سے ملاقات کی اور شہری مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔