بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ایک اور سازش تیار کر لی

بھارت نے پاکستان پر بیل آؤٹ پیکج کی رقم کو دہشت گردی میں استعمال ہونے کا الزام عائد کر دیا،بھارت آئی ایم ایف سے پاکستان کے لیے پیکج منسوخ کروانے کے لیے سرگرم ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 23 اپریل 2019 11:52

بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ایک اور سازش تیار کر لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اپریل2019ء) بھارت آئی ایم ایف سے پاکستان کو ملنے والے ممکنہ بیل آؤٹ پیکج کو منسوخ کرانے کے لیے سرگرم ہو گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت نے اس ہفتے واشنگٹن میں آئی ایم ایف سے میٹنگ کی ہے اور پاکستان کو آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج دینے کی مخالفت کی تھی۔بھارتی نمائندوں نے بیل آؤٹ پیکج کی رقم کے دہشت گردی میں استعمال ہونے کا الزام عائد کیا۔

بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور مودی کی شر انگیز حکومت نے سابقہ ہتھکنڈوں کو نا صرف آزمائے رکھا بلکہ سفارتی روایات کو بالائے طاق رکھ کر اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرنے کے لیے یر حربہ آزمایا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف بغیر ثبوت کے الزامات عائد کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی دشمنی میں پاگل ہو جانے والے بھارت نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بھارت کی درخواست نظرانداز کر دی ہے۔ رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان کو قرض فراہمی کے معاملات طے پا جانے کا امکان ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 3 سال کیلئے قرض فراہم کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ پاکستان کو تین سال کے پروگرام کے تحت آئی ایم ایف سے 10 سے 12 ارب ڈالرز تک کا قرضہ ملے گا۔

اس حوالے سے سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی ایم ایف سے تمام معاملات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ جبکہ اب مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی جانب سے بھی کہا جا رہا ہے کہ کوشش ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے جلد سے جلد قرضہ مل جائے۔ آئی ایم ایف کا وفد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دورے کے دوران معاملات کو حتمی شکل دے دیے جانے کا امکان ہے۔