معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ملک کی اقتصادی بہتری کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے،

ملک جلدی اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہو گا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو

منگل 23 اپریل 2019 17:56

معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ملک کی اقتصادی بہتری کے لئے ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی اقتصادی بہتری کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور ملک جلدی اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروباری برادری کا اس سلسلے میں کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صنعت کار اور کاروباری شخصیات کو برآمد ہونے والی مصنوعات پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے کیونکہ برآمدات میں اضافہ ملک کے اقتصادی استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کچھ برسوں کے دوران بہت سے چیلنجوں کا سامنا کیا ہے جس کی وجہ سے ملک کا کاروباری طبقہ بہت متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے ملک کی ترقی کے لئے کاروباری برادری کی خدمات کو سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وفد نے صدر مملکت کو ضلعی چیمبرز کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا ، ملک کے اقتصادی ڈھانچے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے اپنی طرف سے بعض تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ صدر مملکت نے وفد کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔