پولیو ویکسین بالکل محفوظ ہے، ڈپٹی کشنر اسلام آباد

بدھ 24 اپریل 2019 00:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت کے عوام کو باور کرایا ہے کہ ویکسین بالکل محفوظ ہے، عوام الناس اس سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں، پولیو ویکسین سے کوئی ری ایکشن نہیں ہوتا۔ منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آبادحمزہ شفقات نے کہا کہ آج ہی میں نے اپنے بچے کو پولیو سے بچاؤ پولیو ویکسین کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کی تصدیق کیلئے قومی ادارہ صحت کی لیبارٹری موجود ہے جو اس کو باقاعدہ ٹیسٹ کرتا ہے۔ پشاور کے واقعہ کے متعلق وضاحت آچکی ہے اور ڈاکٹرز کے بیانات بھی آچکے ہیں جن کے مطابق بچے ٹھیک تھے اور محض ڈر کی وجہ سے لوگ ہسپتال آئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ ویکسین پورے پاکستان میں چار کروڑ بچوں کو پلائی جا رہی ہے اور کہیں سے بھی کوئی مسئلہ رپورٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگوں کے تعاون سے پچھلے چار مہینے سے الحمد اللہ پولیو وائرس سے پاک ہے اور اسی مد میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کی کیمپین بہت ضروری ہے کیونکہ اس کے بعد اگلی کیمپین میں کچھ مہینے کا وقفہ ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد میں پولیو وائرس دوبارہ حملہ آور ہو سکتا ہے اور خدانخواستہ بچوں کو مفلوج کرسکتا ہے۔ میں آپ سب سے دوبارہ درخواست کرتا ہوں کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اسلام آباد کو پولیو فری رکھنے میں ہماری مدد کریں۔

متعلقہ عنوان :