امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کیخلاف درخواست میں نئے آئی جی پولیس کو فریق بنانے کی اجازت

بدھ 24 اپریل 2019 15:16

امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کیخلاف درخواست میں نئے آئی جی پولیس کو فریق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کیخلاف درخواست میں نئے آئی جی پولیس پنجاب عارف نواز کو فریق بنانے کی اجازت دے دی ۔ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے رمضان عزیز کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار اسامہ خاور نے کہا کہ سابق آئی جی جاوید سلیمی کا چھ ماہ کے بعد تبادلہ کردیا گیا ،موجودہ حکومت نے 8 ماہ کے عرصے میں تین آئی جی پنجاب تبدیل کر چکی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے تحت ٹھوس وجوہات کے بغیر تین سال سے پہلے تبادلہ نہیں کیا جا سکتا۔

استدعا ہے کہ عدالت سابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کا اقدام کالعدم قرار دے۔عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست میں نئے آئی پولیس فریق نہیں بنایا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست میں ترمیم کرنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کر لی ۔