نابینا طالب علم صلاحیتوں کے اعتبار سے عام طالب علموں سے کم تر نہیں ہیں، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر برائے سپیشل ایجوکیشن

بدھ 24 اپریل 2019 17:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر برائے سپیشل ایجوکیشن شاہد مختار نے کہا ہے کہ نابینا طالب علم صلاحیتوں کے اعتبار سے عام طالب علموں سے کم تر نہیں ہیں۔ حکومت سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دے رہی ہے ، معذور بچوں کی سہولیات میں روز بروز اضافہ کیا جا رہا ہے، معاشرہ کے ہر طبقہ کو سپیشل بچوں کی سرپرستی کرنی چاہئیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سیکنڈری سکول فاردی بلائنڈز اقبال کالونی سرگودھا کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد مختار نے کہا کہ بینائی عطیہٴ خدا وندی ہے ہمیں اس کی حفاظت کرنا چاہیے، بلائنڈز سکول اقبال کالونی کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں، اساتذہ کرام کی محنت سے نابینا بچے زندگی کی دوڑ میں پیچھے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ بلائنڈز کرکٹ ٹیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ، آج ملک بھر میں نابینا افراد نے مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے ۔ سفید چھڑی کی افادیت اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ والدین ، اساتذہ پر مشتمل سکول مینجمنٹ کونسل کے ممبران کو نابینا افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا فرض ادا کرنا چاہئیے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے کہاکہ نابینا طالب علموں کے والدین نامساعد حالات کے باوجود بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں، دل شکستہ کو اُمید اور کامیابی کے راستے پر ڈالنے کے لیے اساتذہ کرام سخت محنت کر رہے ہیں۔ معاشرتی و سماجی تنظیموں کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ اعلیٰ کارگزاری کا مظاہرہ کرنے والے نابینا بچوں کو مہمان خصوصی شاہد مختار کی طرف سے انعامات دئیے گئے ۔ تقریب میں اساتذہ ، علاقہ معززین اور طالب علموں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :