بارشوں اور ژالہ باری سے سرگودھا ڈویژن میں چنے کی فصل شدید متاثر

جمعرات 25 اپریل 2019 14:44

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے ڈویژن میں چنے کی فصل شدید جبکہ گندم کی پیداوار کا بیس فیصد نقصان ریکارڈ کیا گیا ہے اور 586دیہات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کسانوں کو نقصان کے ازالہ کیلئے تخمینہ سازی کروارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہاسلوت سعید،ڈائریکٹرزراعت رمضان نیازی،ڈپٹی منیجرایف ایف سی لیاقت علی واہلہ ،نمائندہ کسان تنظیم عابد ممتاز وڑائچ،پولیس،واپڈا،اریگیشن اور دیگر متعلقہ محکموںکے افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروںکو ہدایت کی کہ گندم کی نئی اور بارشوں سے متاثر ہ پیداوار کو ذخیرہ کرنے کیلئے تکنیکی و کیمیکل ماہرین سے مشاورت کی جائے اور کوشش کی جائے کہ گندم کی خریداری میں نمی کے تناسب کو حکومت کے مقرر کردہ معیار کو اپنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنروںکوہدایت کی کہ وہ گندم اور چنے کی فصلوںکے نقصان کے درست اعداد و شمار اکٹھے کریں تاکہ حکومت پنجاب کو آگاہ کیا جاسکے۔ کمشنر نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ چاروں اضلاع میں جعلی ،ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری کھادوں ،بیج اور زرعی ادویات کے تاجروںکے خلاف کریک ڈائون کریں تاکہ کسانوںکو خسارے سے بچایا جا سکے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ایگریکلچر رمضان نیازی بتایا کہ ڈویژن بھر میں 1479000ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ۔سرگودہا میں 18945ایکڑ گندم کو پچیس فیصد نقصان پہنچا ہے۔ ضلع بھکر میں 47372ایکڑ گندم کوپچیس فیصد جبکہ 480ایکڑ کوپچاس فیصد ،ضلع خوشاب میں 67ایکڑکو پچیس فیصد ،4173ایکڑ کوپچاس فیصد ،162ایکڑ 75کوفیصد اور 5500ایکڑ مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے۔

انہوںنے مزید بتایا کہ ضلع سرگودہا کی144 ،بھکر کے 292،خوشاب کے 39اور میانوالی کے 114دیہات بارشوں ،سیلاب ،ژالہ باری اور تیز ہوائوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ چنا کی فصل کے نقصان کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ ضلع خوشاب میں 5لاکھ ستر ہزار ایکڑ رقبہ پر چنا کا شت کیا گیا جس میں سے 35ایکڑ پچیس فیصد 19ایکڑ پچاس فیصد ا ور 3012ایکڑ 75فیصد متاثر ہوا۔

ضلع بھکر میں دس لاکھ پندرہ ہزار ایکڑ کاشت رقبہ میں سے 123487ایکڑ کو 25فیصد اور گیارہ ہزار پانچ سو ایکڑ کو پچاس فیصد نقصان پہنچا ہے۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں گنے کی بہترین پیداوار ہے۔ اور سٹرس کی بمپر فصل متوقع ہے۔انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھادوں کے 83نمونے حاصل کئے گئے جن میں پچاس معیار پر پورے اترے جبکہ 33نمونے تجزیہ کیلئے لیبارٹری کے پاس موجود ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ ملکی معیشت کا 70فیصد زراعت پر انحصار ہے اس سیکٹر کو درپیش مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات ہیں ۔ کمشنر نے ایگریکلچر سیکٹر کی پیداواری و دیگر رپورٹس ماہانہ بنیادوں پر انہیں ارسال کرنے کی ہدایت کی۔