غیر قانونی ہائیڈرنٹس : ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ

نامعلوم افراد کو چھوڑ کر اپنے ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمات درج کرائیں،آئی جی سندھ کے نا م خط

جمعرات 25 اپریل 2019 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) واٹر بورڈ کے ایم ڈی نے شہر میں پانی کی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس بند کرانے کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ انتظامیہ نے پانی کی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس بند کرنے کیلئے نئی حکمت عملی بنالی، ایم ڈی واٹر بورڈ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو تلخ حقاق پرمبنی خط لکھ دیا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں جہاں بھی پانی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس موجود ہیں، ان غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی سرپرستی پر متعلقہ ایس ایچ اوز کیخلاف کاروائی کی جائے، نامعلوم افراد کو چھوڑ کر اپنے ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمات درج کرائیں۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس نہیں ہونے چاہئیں، گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی گرمیوں میں پانی چوری کرنے والا مافیا سرگرم ہوجاتا ہے۔

غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کو فروخت کیا جاتا ہے، پولیس کی مبینہ سرپرستی میں بعض غیر قانونی ہائیڈرنٹس آج بھی چل رہے ہیں۔شرپسند عناصر شہر بھر میں مختلف مقامات پر غیر قانونی ہائیڈرنٹس کھول رہے ہیں جبکہ شہر میں قانونی طور پر ہائیڈرنٹس صرف اٹھ ہیں باقی سب غیر قانونی ہیں، ایم ڈی واٹر بورڈ نے نے مطالبہ کیا کہ پولیس تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کرے۔