چیف آف دی نیول سٹاف کی چین میں ہائی لیول سمپوزیم میں شرکت اور مختلف بحری افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں

چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی چین کے سرکاری دورے پر ہیں، دورے کے دوران ، نیول چیف نے ہائی لیول سمپوزیم میں شرکت کی اور مختلف بحری افواج کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں کیں

جمعرات 25 اپریل 2019 19:43

چیف آف دی نیول سٹاف کی چین میں ہائی لیول سمپوزیم میں شرکت اور مختلف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2019ء) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔دورے کے دوران ، نیول چیف نے ہائی لیول سمپوزیم میں شرکت کی اور مختلف بحری افواج کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

    گنگ ڈاؤ کے ساحلی شہر میں چین کی ستر سالہ تقریبات کے سلسلے میں ہائی لیول سمپوزیم منعقد کیا گیا۔

سمپوزیم میری ٹائم سیکٹر سے متعلقہ موضوعات پر بین الاقوامی مقررین نے مقالات پیش کئے۔چیف آف دی نیول سٹاف نے ”گزشتہ اور موجودہ ورلڈ آرڈر، سمندر میں بحری افواج کا کردار“کے موضوع پر سمپوزیم کے حاضرین سے خطاب کیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مختلف اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں جبوتی، ایران، جاپان، مراکش اور پولینڈ کی بحری افواج کے سربراہان شامل تھے۔

(جاری ہے)

معزز شخصیات کے سا تھ بات چیت کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی اور بحری اشتراک کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے بحری دہشت گردی کی روک تھام کے سلسلے میں پاکستان کے عزم خصوصاً خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام پر روشنی ڈالی۔

    بعد ازاں، چینی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل شن جن لانگ نے چیف آف دی نیول سٹاف کے اعزاز میں ظہرانہ دیاجس کے دوران باہمی دلچسپی اور بحری اشتراک کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔



کراچی میں پاک بحریہ کی میزبانی میں منعقد ہونے والی کثیرالقومی مشق امن 2019 میں چینی بحریہ کی شرکت پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چینی بحریہ کے سربراہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔دونوں بحری افواج کے مابین مزید شعبوں میں اشتراک کے معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔

    چیف آف دی نیول سٹاف کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے مابین بالعموم اور دونوں ممالک کی بحری افواج میں بالخصوص بحری اشتراک میں فروغ کا باعث بنے گا۔