Live Updates

حالیہ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم

جمعرات 25 اپریل 2019 23:07

ملتان ۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) صوبائی وزیر برائے قدرتی آفات میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ،احتیاطی انتظامات کی بدولت اس میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق غریب آدمی کو ریلیف دینا اوراس کا معیار زندگی بلند کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔

قدرتی آفات اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے لئے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس ملتان میں حالیہ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین میں امدادی چیک کی تقسیم اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میاں محمد عبداللہ طارق آرائیں،ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر شیرازی ،اسسٹنٹ کمشنرزقاضی منصور ،طیب خان ،ملک عبد الرئوف آرائیں و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے کہا کہ قدرتی آفات میں جاںبحق ہونیوالے افراد کے لواحقین کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں ،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر میں انہیں حکومت کی طرف سے امدادی چیک دینے آیا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا تاہم ایسے اقدامات ضرور کیے جاسکتے ہیں کہ نقصانات کم سے کم ہوں ۔تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ حکومت نے جاںبحق ہونیوالے افراد کے لواحقین میں فوری امدادی چیک تقسیم کیے ہیں ۔

اس موقع پر انہوں نے جاںبحق ہونیوالے افراد کے لواحقین صغراں بی بی اور فیاض بی بی میں8،8لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی تقسیم کیے ۔وزیرقدرتی آفات میاں خالد محمود نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں ہمیں ایماندار وزیر اعظم ملا ہے جس کی سمت درست اور دامن صاف ہے۔ ان کے زیر سایہ ہم خطے کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے ،ممکنہ سیلاب سے نمٹنے بارے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے اس سلسلے میں تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی ہیں ،حالیہ بارشوں سے ہونیوالے تقصانات کے بارے میں صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر کی ضلعی حکومتوں اور ریونیو سٹاف کو گندم کی فصل کے تباہی بارے سروے کرنے کو کہا گیا ہے چند دنوں میں انکی رپورٹس آجائیں گی اور پھر کابینہ میں بحث کے بعد کاشتکاروں کی مالی امداد کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

پی ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام اقدامات مکمل کر لیے ہیں،متاثرین کی فوری امداد کے لئے حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔امدادی سامان ویئر ہائوسز سے ضلعی انتظامیہ کو دیا جارہا ہے ،بارشوں سے اموات اور ہزاروں ایکڑ پر فصل کی تباہی کا اندازہ ہے تاہم ڈیٹا سامنے آنے پر صحیح صورتحال سامنے آئے گی ۔متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے تمام صوبائی محکمے ایک پیج پر ہیں ،ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ دریائے راوی پر بھارتی ڈیم 75فیصد بھر چکا ہے وہاںسے پانی آنے بارے صورتحال کا بھی ہم جائزہ لے رہے ہیں ۔حفاظتی اقدامات کے طور پر ہم ندی نالوں کی صفائی اور نہروں کے بند مضبوط بنارہے ہیں یہ تمام انتظاما ت برسات کے آنے سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات