جامعات 2018ء اور 2020ء کے بعد پُرانے دو سالہ بی اے /بی ایس سی اور ایم اے / ایم ایس سی ڈگری پروگرامر آفر نہیں کریں گی

جمعہ 26 اپریل 2019 13:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف 2016ء میںکئے گئے فیصلے کے مطابق پاکستانی جامعات اب بالترتیب تعلیمی سال2018ء اور 2020ء کے بعد پُرانے دو سالہ بی اے /بی ایس سی اور ایم اے / ایم ایس سی ڈگری پروگرامر آفر نہیں کریں گی تاہم بی ای/بی ایس سی کی دو سالہ ڈگری رکھنے والے طلباء کو ایچ ای سی اور متعلقہ یونیورسٹی کی جانب سے متعین کردہ 15-18کریڈٹ آورز پر محیط کورسز مکمل کرنے کے بعد چار سالہ بی ایس پروگرام کے تیسرے سال یعنی پانچویں سمسٹر میں داخلہ لینے کی اجازت ہو گی ۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دو سالہ بی ای/بی ایس سی کی جگہ جامعات اب ایچ ای سی کی منظوری کے بعد 12سالہ سکولنگ والے طلباء کے لئے اپنے منظور شدہ کیمپسز یا کالجز کے ذریعے جاب مارکیٹ میں اہمیت کے حامل مضامین میں ایسوسی ایٹ ڈگری کرواسکتی ہیں۔ ایسوسی ایٹ ڈگری کی تفصیلات ایچ ای سی کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں۔ ایسوسی ایٹ ڈگری رکھنے والے طلباء داخلے کی اضافی لوازمات کو پورا کرنے کے بعد بی ایس پروگرام کے پانچویں سمسٹر میں داخلہ لے کردوبارہ تعلیمی نظام میں آنے کے بھی اہل ہوں گے۔