مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے نیشنل لیبر فیڈریشن، پاک چنگ چی یونین ڈیرہ کے زیراہتمام احتجاجی ریلی کا انعقاد

بدھ 1 مئی 2019 17:31

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2019ء) مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے نیشنل لیبر فیڈریشن ڈیرہ اور پاک چنگ چی یونین ڈیرہ کے زیراہتمام ٹائون ہال سے 15 چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ نے کی ۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پرچم اٹھاکر مزدوروں کے حق میں شدید نعرہ بازی کی ۔

ریلی کے اختتام پر پی ٹی سی ایل کے مزدور رہنما سمیع اللہ ،حاجی عقیل ڈمرہ ،زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ ، یوسف خٹک، بشیر چیئر مین اور صوبائی رہنما طلاء محمد اور دیگر مقررین نے خطاب کے دوران کہا کہ یوم مئی شگاگو کے مزدورں کے ساتھ یکجہتی کے دن کے طور پر منایا جاتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم سب مل کر مزدور کو مضبوط اور منظم کریں گے ، ان کی قوت بنا کر اسمبلی میں بیٹھائیں گے اور اللہ کا قانون اس ملک میں نافذ کریں گے ۔

(جاری ہے)

یوم مئی کے موقع پرپیپلز لیبر بیوروکے زیر اہتمام یوم مزدور کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹائون ہال سے مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی نکالی گئی جس میں فیصل کریم خان کندی ، ملک فرحان دھپ اور صدر پیپلز لیبر بیورو محمد ایوب عرف لعل بادشاہ ، رانا محمد ندیم ایڈوکیٹ ،،جنرل سیکرٹری پاک شاہین آٹو رکشہ ،چوہدری آصف علی کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے یہ ریلی مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے بلاول ہائوس پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوگئی ۔بعد ازاں بلاول ہائوس میں دیگر مزدور تنظیموں اور ایپکا و ہائیڈرو لیبر یونین کے زیر اہتمام صوبائی جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کی زیر قیادت ایک بڑا جلسہ بھی منعقد ہوا جس میں شکاگو کے مزدوروں سے اظہاریکجہتی کیا گیا ۔جلسہ سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دورمیںمزدوروںکے گزربسرکیلئے کوئی پالیسی نہیںبنائی جارہی۔