Live Updates

آپ کا وقت پورا ہو گیا ہے، پی سی بی انتظامیہ نے انضمام الحق کو بتا دیا

ورلڈ کپ کے بعد انضمام الحق کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا تاہم وہ کسی اور عہدے پر ملازمت کر سکتے ہیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 5 مئی 2019 15:24

آپ کا وقت پورا ہو گیا ہے، پی سی بی انتظامیہ نے انضمام الحق کو بتا دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ نے ایک اجلاس کے دوران انضمام الحق کو کہا ہے کہ اب ان کا چیف سلیکٹر کے طور پر وقت پورا ہو گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے منتخب کی گئی قومی کرکٹ ٹیم ان کی آخری اسائمنٹ تھی جس کے بعد انہیں اس عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سلیکشن کمیٹی کے چئیرمین انضمام الحق کو پی سی بی کی اعلیٰ انتظامیہ کی جانب سے ایک اجلاس کے دوران کہا گیا ہے کہ اب ان کا وقت پورا ہوگیا۔تاہم پی سی بی نے انضمام الحق کو آپشن دیا ہے کہ اگروہ پی سی بی میں دوسرا عہدہ لے کر اپنی ملازمت جاری رکھنا چاہیں تو وہ ایسا کر سکتے ہیں البتہ انضمام الحق نے اس پیشکش کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2016میں سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے دور میں انضمام الحق کوقومی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا اور پھر نجم سیٹھی کے دور میں بھی وہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد بطور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے استعفیٰ دے دیا تھااور پھر احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنایاگیا تھاجنہوں نے آنے کے بعد بورڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کیں۔

اب انضمام اور باقی سلیکشن کمیٹی کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدہ 30 اپریل کو ختم ہورہا ہے تاہم ورلڈ کپ 2019کی وجہ سے اس معاہدے میں 31 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے البتہ انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر ملازمت میں توسیع کا امکانات بہت کم ہے۔یاد رہے کہ 2017 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی اور اس میں انضمام الحق اور ان کی سلیکشن کمیٹی کا اہم کردار تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی ٹیم رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے تو پی سی بی انضمام الحق کو عہدے سے نہ ہٹانے پر بھی غور کر سکتی ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی ورلڈ کپ کے بعد عہدے سے فارغ کیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات