آفریدی کے انکشافات ،بی سی سی آئی نے فکسنگ معلومات آئی سی سی سے شیئر نہ کرنے پر سوال اٹھا دیا

دیکھنا ہوگا اینٹی کرپشن یونٹ رپورٹ نہ کرنے پر کیا ایکشن لے گا؟: انیرودھ چوہدری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 مئی 2019 12:16

آفریدی کے انکشافات ،بی سی سی آئی نے فکسنگ معلومات آئی سی سی سے شیئر ..
ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7مئی 2019ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی شاہد آفریدی کے انکشافات کا ’نوٹس‘ لے لیا، بی سی سی آئی کے خازن انیرودھ چوہدری نے فکسنگ معلومات آئی سی سی سے شیئر نہ کرنے پر سوال اٹھا دیا۔سابق پاکستانی سٹار آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی آپ بیتی میں انکشاف کیاکہ وہ 2010 ءکے مشہور فکسنگ سکینڈل سے قبل ہی پلیئرز اور ایجنٹ مظہر مجید کے درمیان مشکوک روابط سے آگاہ تھے،اس بارے میں انھوں نے اس وقت کے کوچ وقار یونس، ٹیم منیجر یاور سعید سمیت ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا مگر کوئی بھی نوٹس نہیں لیا گیا تھا۔

اس انکشاف پر بھارتی کرکٹ بورڈکے خازن انیرودھ چوہدری نے شاہد آفریدی کی جانب سے معاملے کی رپورٹ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو نہ کرنے کے حوالے سے سوال اٹھا دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جب آفریدی کو اس بارے میں پہلے ہی معلوم ہوچکا تو پھر فوری طور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کرنا چاہیے تھا، اب یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ اینٹی کرپشن یونٹ شاہد آفریدی کی جانب سے معلومات شیئر نہ کرنے پر کیا کارروائی کرتا ہے کیونکہ وہ اس کے اپنے اینٹی کرپشن کوڈ کی پیروی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت کرکٹ سے وابستہ کسی بھی شخص سے کوئی مشکوک رابطہ ہو، اسے کسی بھی کرپٹ حرکت کی معلومات ملیں یا پھر کوئی کسی کرپٹ سرگرمی میں ملوث ہونے کی ترغیب دے تو پھر فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کو اس کے بارے میں مطلع کرنا ہوتا ہے۔