رمضان المبارک میں عوام کروڑوں مالیت کی جعلی اشیا کھانے سے بچ گئے

فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ ایک ماہ میں 4کروڑ سے زائد مالیت کی جعلی اشیاء تلف کیں‘ ڈی جی محمد عثمان

جمعرات 9 مئی 2019 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2019ء) رمضان المبارک میں عوام کروڑوں مالیت کی جعلی اشیا کھانے سے بچ گئے ،پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ ایک ماہ میں 4کروڑ سے زائد مالیت کی جعلی اشیاء تلف کیں ۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ میں صوبہ بھر میں ملاوٹ کرنے والی کل 71 فیکٹریوں کو سیل کیا گیا، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبہ بھر میں طویل آپریشن کیے گئے، ملاوٹ کرنے والوں میں دودھ، کولاڈرنکس، جوس، دال مٹری وغیرہ شامل تھے، مرچ مصالحہ جات، اچار، مربہ جات اور کیچپ فیکٹریوں کو بھی سیل کیا گیا۔

ملاوٹی اشیا میں استعال شدہ تیل کا دوبارہ استعمال اورجعلی کولاڈرنکس سرفہرست رہیں۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹی اشیا تلف کرنے کے ساتھ ساتھ فیکٹریوں کو جڑ سے اکھاڑ کر ختم کیا گیا، ملاوٹ مافیا کی نشاندہی میں عوامی شکایت نے بھی اہم کردار ادا کیا،عوام سے گزارش ہے کہ ملاوٹ مافیا کی اطلاع دے کر قوم کو زہر سے بچائیں۔ ملاوٹ مافیا کی اطلاع دینے پر 5لاکھ تک انعام اور نام صیغیہ راز میں رکھا جائے گا۔