پی آئی اے کا خسارہ 416 ارب روپے ہو گیا ہے ، غلام سرور خان

جمعہ 10 مئی 2019 12:39

پی آئی اے کا خسارہ 416 ارب روپے ہو گیا ہے ، غلام سرور خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2019ء) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا خسارہ 416 ارب روپے ہو گیا ہے، نئے بزنس پلان کے تحت جو روٹس تجارتی لحاظ سے فائدہ مند نہیں وہ بند کر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری تنویر خان، جہانزیب جمالدینی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے برطانیہ، اٹلی، فرانس، سپین، سعودی عرب، کینیڈا، چین، قطر اور عراق سمیت 18 ممالک کے لئے فضائی پروازیں چلا رہی ہے، حکومت نے پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں بین الاقوامی منافع بخش روٹس کی تعداد کو بڑھایا جائے گا اور خدمات کی فراہمی کو بھی بہتر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے چھ ایئرپورٹس سے بین الاقوامی پروازیں چلائی جا رہی ہیں جو منافع بخش ہیں، ہمیں مزید جہازوں کی ضرورت ہے اور حال ہی میں بوئنگ 777 اور ایئر بس کی پروازیں دوبارہ چلائی گئی ہیں۔ کوئٹہ کے لئے اگر پروازیں کم کی گئی ہیں تو اس کی وجہ جہازوں کی تعداد میں کمی ہے۔