کانگریس کو ووٹ دینے پر بی جے پی رہنما کا کزن پر قاتلانہ حملہ،شدید زخمی

دھرمندر سیلانی نے غیر لائسنس شدہ ہتھیار سے اپنے کزن راجا سنگھ پر فائرنگ کی ،پولیس کی ابتدائی تحقیقات

بدھ 15 مئی 2019 21:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2019ء) بھارت کی ریاست ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن جماعت کانگریس کو ووٹ دینے پر اپنے ہی کزن کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔امریکی اخبار کے مطابق ہریانہ کے ضلع جًھجر میں بی جے پی رہنما دھرمندر سیلانی نے غیر لائسنس شدہ ہتھیار سے اپنے کزن راجا سنگھ پر فائرنگ کی جس سے انہیں دو گولیاں ٹانگوں اور ایک پیٹ میں لگی۔

راجا سنگھ کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔پولیس نے دھرمندر سیلانی کے خلاف اقدام قتل اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا تاہم وہ واقعے کے بعد سے فرار ہیں۔دھرمندر سیلانی بہادر گڑھ سِوک باڈی کے سابق رکن اور بی جے پی کے مًندل یونٹ کے عہدیدار ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے بڑے بھائی ہریندر سنگھ، کانگریس کے مقامی رہنما اور سابق کونسلر ہیں۔

واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دھرمندر سیلانی نے راجا سنگھ اور ان کے خاندان کو بی جے پی کو ووٹ ڈالنے کا کہا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ راجا سنگھ نے ووٹ ڈالنے کے لیے 'بی جے پی' کے بجائے کانگریس کا انتخاب کیا اور اس کے امیدوار کو ووٹ دیا۔پولیس نے کہا کہ اتوار کی رات کو بھی دھرمندر سیلانی اور راجا سنگھ کے درمیان معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کے ایوان زیریں کے 17ویں انتخابات کے 6 مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور چھٹے مرحلے میں اتوار کو دارالحکومت دہلی اور دیگر 6 ریاستوں کی 59 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے۔دیگر 60 نشستوں پر انتخابات کا ساتواں اور ا?خری مرحلہ 19 مئی کو ہوگا۔بھارتی انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا پہلا سلسلہ 11 اپریل کو ہوا تھا، جس میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔