حکومت اقلیتی برادری کو تمام شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے،ڈپٹی کمشنرساہیوال

جمعرات 16 مئی 2019 18:05

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتی برادری کو تمام شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اور زیر تعلیم طلبا و طالبا ت کو مالی مسائل کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے میں در پیش مشکلات کو بھی دور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں مسیحی برادری کے طلبا و طالبات میں تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرڈپٹی سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ مینارٹی افیئر ز پنجاب عمر سرور بھی موجود تھے۔تقریب میں ساہیوال ڈویژن کے 37مسیحی طلبا و طالبات میں چیک تقسیم کئے گئے۔میٹرک میں زیر تعلیم سٹوڈنٹ کو 15ہزار روپے‘انٹر میڈیٹ کو20ہزار‘گریجویٹ کو 30ہزار‘ماسٹرز ڈگری کو 35ہزار اور پی ایچ ڈی یا پروفیشنل ڈگری میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو 50ہزار روپے دیئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اہم حصہ ہیں اور ملک کی ترقی میں انہوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ریاست ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو مکمل شہری حقوق حاصل ہیںجنہیں یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔تقریب میں وظائف حاصل کرنے والے اقلیتی طلبا و طالبات نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔