لله* وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت کیڈٹ کالج رزمک شمالی وزیرستان کے بورڈ آف گورنرز کا 39واں اجلاس

Cکرنل شفقت کی کیڈٹ کالج رزمک میں بطورپرنسپل تقرری ، کالج سروس رولز میں مجوزہ ترامیم اور سلیکشن بورڈ اور ایگزیکٹیو کمیٹی کی نظر ثانی شدہ تشکیل کی بھی منظوری دی گئی

جمعہ 17 مئی 2019 20:36

%پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کیڈٹ کالج رزمک شمالی وزیرستان کے بورڈ آف گورنرز کے 39ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کرنل شفقت کی کیڈٹ کالج رزمک میں بطورپرنسپل تقرری کی منظوری دی گئی ، اس کے علاوہ کالج سروس رولز میں مجوزہ ترامیم اور سلیکشن بورڈ اور ایگزیکٹیو کمیٹی کی نظر ثانی شدہ تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔

کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعمیر ضیاء اللہ بنگش،سابق صوبائی وزیر امتیاز شاہد قریشی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، جی او سی سیون ڈویژن، ڈی سی نارتھ شمالی وزیرستان ، پرنسپل کیڈٹ کالج اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو کیڈٹ کالج رزمک کی تاریخ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ کالج دسمبر1977میںقائم کیا گیا تھا اور اس میں 1978میں ساتویں ، آٹھویں اور نویں کلاس میں مجموعی طور پر 100طلباء سے آغازکیا ۔ کالج اس وقت تک 500ڈاکٹرز، تقریباً415انجنیئرز ، 475سے زائد مسلح افواج کے افسران اور600سے زائد رزمینز تیار کر چکا ہے جو سماجی خدمات ، آئی ٹی ، سیاسیات ، تعلیم ، قانون اور بزنس وغیرہ کے شعبوںمیں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

کالج میں کیڈٹس کی مجموعی استعداد 617ہے ۔ ابھی تک کالج کو وزارت سیفران کی طرف سے فنانس کیا جاتا رہا ہے تاہم جولائی 2019سے یہ ذمہ داری صوبائی حکومت لے لے گی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیڈٹ کالج میں صرف آٹھویں کلاس سے داخلہ دیا جاتا ہے ، آٹھویں کلاس میں سیٹوں کی مجموعی تعداد 140ہے جن میں سے 95 سیٹیں ضم شدہ اضلاع کی ہے ۔ اجلاس میں کالج سروس رولز میں ترامیم بھی پیش کی گئی جن کی منظوری دی گئی ، مجوزہ ترامیم متعلقہ فورم سے جانچ پرکھ کے بعد صوبائی حکومت کی حتمی منظوری کے لئے پیش کی جائیگی۔

اجلاس کو کالج کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے کالج کے کیڈٹ ہاسٹل، جمنازیم اور فیکلٹی رہائش کی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت سے اتفاق کیا اور متعلقہ حکام کو اس مقصد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں سٹاف اور کیڈٹس کی سہولت کے لئے بنیادی مرکزصحت کے قیام کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا گیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کیڈٹ کالج رزمک کی اہمیت ضرورت اور مقبولیت سے کسی کو انکار نہیں، یہ ایک اہم ادارہ ہے جس کا خطے میں تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے صوبائی حکومت صوبے میں معیار ی تعلیم کے فروغ پر شروع دن سے توجہ دے رہی ہے ۔ تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کے لئے دستیاب وسائل کا کار آمد استعمال یقینی بنایا جارہا ہے ، ہمارے اقدامات کے نتائج ہر سطح پر دیکھے جا سکتے ہیں ۔