Live Updates

قمرالزمان کائرہ کے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں موت، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

جس انداز میں قمر الزمان کائرہ کو ان کے بیٹے کے ایکسیڈنٹ کی خبر دی گئی، انٹرنیٹ صارفین نے شدید اعتراض اُٹھا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 مئی 2019 13:46

قمرالزمان کائرہ کے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں موت، سوشل میڈیا پر نئی بحث ..
لالہ موسیٰ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019ء) : پیپلز پارٹی سینڑل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ کے صاحبزادے اُسامہ کائرہ گذشتہ روز جی ٹی روڈ پر ہونے والے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ قمر الزمان کائرہ کے بیٹے کی ایکسیڈنٹ میں موت کی خبر سُن کر وزیراعظم عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے دکھ کا اظہار کیا اور قمر الزمان کائرہ اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی ۔

ایک طرف جہاں قمر الزمان کائرہ اور ان کے اہل خانہ تعزیتیں وصول کر رہے ہیں وہیں دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ گذشتہ روز پیپلز پارٹی سینڑل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ کے صاحبزادے اُسامہ کائرہ کے ایکسیڈنٹ کی خبر قمر الزمان کائرہ کو اسلام آباد میں پیپلز پارٹی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران دی گئی جس پر انٹرنیٹ صارفین نے شدید اعتراضات اُٹھا دئے۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ صارفین نے قمر الزمان کائرہ کو پریس کانفرنس کے دوران خبر دینے والے صحافی کو بے حس قرار دیا اور کہاکہ صحافی نے ایک والد کو اس کے بیٹے کی موت کی خبر انتہائی بے حس اور سنگدل انداز میں دی جو کہ شدید قابل مذمت ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ کسی والد کے اتنے بڑے نقصان کا تماشہ بنانے پر صحافی کو شرم دلانی چاہئیے صحافیوں کو چاہئیے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔

انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ کسی والد کو اس کے بیٹے کی موت کی خبر دینے کا یہ درست طریقہ ہرگز نہیں تھا۔ صحافی کو اخلاقیات سیکھنے کی ضرورت ہے اور اگر صحافیوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس نہیں ہے اور اگر انہوں نے ایسے ہی سنگدلی اور بے حسی کا مظاہرہ کرنا ہے تو پھر انہیں نوکریوں سے فارغ کر دینا چاہئیے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی کئی صارفین نے صحافی کے خبر دینے کے انداز کو غلط قرار دیا ۔

اینکر پرسن ماریہ میمن کا کہنا تھا کہ کائرہ صاحب کو جس سنگدلی سے ان کے بیٹے کے انتقال کی خبر دی گئی وہ دیکھ کر یہ سوال اٹھتا ہے کہ آخر بطور معاشرہ ہم اتنے بے حس کیوں ہیں؟
ٹویٹر صارفین نے مطالبہ کیا کہ جس طرح قمر الزمان کائرہ کو ان کے بیٹے کی موت کی خبر دی گئی اس پر صحافیوں کو بات کرنی چاہئیےاور رپورٹر کی جانب سے بے حسی کا مظاہرہ کیے جانے کی بھی مذمت کرنی چاہئیے۔

کیونکہ ایک عام آدمی بھی ایسی خبر سناتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس کرتا ہے ، اس رپورٹر کو ٹریننگ کی ضرورت ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ ایک شخص کی غیر ذمہ داری معاشرے کا عکس نہیں کیونکہ ہم نے یہ دیکھا کہ سیاسی اور غیر سیاسی سب افراد نے کائرہ سے تعزیت کی۔ اقدار ابھی باقی ہیں۔
ایک خاتون صارف نے کہا کہ قمر الزمان کائرہ کے بیٹے کی موت کے بعد سے ان کے نام سے کئی جعلی ٹویٹر اکاؤنٹس بن گئے ہیں ،ان میں سے اصلی اکاؤنٹ کون سا ہے مجھے نہیں معلوم ، کچھ اکاؤنٹس سے تو اُسامہ کائرہ کے جسد خاکی کی تصاویر بھی شئیر کی جا رہی ہیں۔

جس پر ٹویٹر صارفین نے تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ معاشرتی طور پر ہم سب ہی بے حس اور سنگدل ہو گئے ہیں جو انتہائی قابل افسوس ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات