ڈالر کی قیمت میں اضافہ ، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 36 پیسے اضافہ ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 مئی 2019 10:37

ڈالر کی قیمت میں اضافہ ، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2019ء) : ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 36 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 151 روپے ہو گئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں اب ڈالر 151 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ چار کاروباری روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں 9 روپے 60 پیسے کا اضافہ ہوا۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملکی قرضوں میں ایک ہزار ارب کا اضافہ ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈالر دن بدن ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ رہا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 152 روپے ہو گئی۔

(جاری ہے)

جبکہ انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 13پیسے مہنگا ہو گیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 13 پیسے کے اضافے کے بعد ڈالر 149روپے کا ہو گیا تھا۔ دوسری جانب ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور ملک میں مہنگائی کے طوفان کے خدشے کے پیش نظر ڈالر کا بائیکاٹ کرنے کی تحریک چلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کئی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں نے اپنی سیونگ کے لیے ڈالر خرید رکھے ہیں۔

ہمیں عوام سے اپیل کرنی چاہئیے کہ وہ گھروں میں موجود اپنے ڈالرز باہر لائیں اور ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچانے میں اہم کردار ادا کریں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ہمیں چاہئیے کہ ہم معیشت کو سہارا دینے کے لیے اپنے قدم بڑھائیں اور مکمل طور پر ڈالر کا بائیکاٹ کر دیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے ڈالر کے خلاف ایک محاذ کھڑا کر دیا ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پٹرول کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا قوی امکان ہے اور اگر پٹرول کی قیمت بڑھی تو ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس میں ملک کی غریب عوام مزید پس جائے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈالر کی قیمت 200 روپے تک جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔