دربند سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ کی روک تھام محکمہ ایف ایچ اے کی ذمہ داری ہے

سوئی گیس کی کھدائی سے متاثر ہونے والی اوگی۔ شیرگڑھ سڑک کی مرمت کیلئے ٹینڈر ہو چکا ہے، تحصیل ناظم اوگی

منگل 21 مئی 2019 14:53

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) تحصیل ناظم اوگی راجہ محمد بشیر نے کہا ہے کہ دربند سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ کی روک تھام محکمہ ایف ایچ اے کی ذمہ داری ہے، ہم نے جب اس سلسلہ میں ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے ہمیں ایم اینڈ آر فنڈز سے سڑک کی تعمیر کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اوگی تا شیر گڑھ تک سوئی گیس کی کھدائی سے متاثر ہونے والی سڑک کی مرمتی کیلئے 20 لاکھ کا ٹینڈر ہو چکا ہے، یہ مسئلہ بھی جلد حل ہو جائے گا، نکر پانی میں سمال ڈیم تعمیر ہو گا۔

(جاری ہے)

وہ تحصیل کونسل اوگی کے جاری اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کے مطابق یہ منصوبہ پائپ لائن میں ہے، ڈی ایف او آفس فلٹریشن پلانٹ فعال ہے، تکیہ پر فلٹریشن پلانٹ کا کام مکمل ہو چکا ہے تاہم واپڈا کی خود غرضی آڑے آ رہی ہے، جب بھی میٹر کی تنصیب ہو گی عوام کو صاف پانی ملنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دربند کے علاقہ جنگل سے نکلنے والی ریت اور بجری پر محدود ٹیکس کیلئے بیریل لگائیں گے، اس طرح گرینائیٹ گاڑیوں سے بھی تحصیل اوگی محدود ٹیکس وصول کرے گی، ٹھیکیداروں کے رویوں کے خلاف ہم اینٹی کرپشن میں گئے ہیں، اس سلسلہ میں ہائی کورٹ میں بھی کیس چل رہا ہے۔