وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی ملاقات

منگل 21 مئی 2019 23:18

وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹاسک فورس کی تجاویز کی روشنی میں کھیلوں کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات اور مستقبل میں کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو ہونے والی ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نے وفاقی وزیر کو پی سی بی کے آئین اور انتظامی ڈھانچے میں متوقع تبدیلیوں پر بریفنگ دی۔

احسان مانی نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ پروفیشنلزم کو فروغ دیا جائے اور سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا جا ئے۔ ہم ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ہم صوبائی سطح پر چھ ٹیمیں بنانا چاہتے ہیں۔ صوبے اپنی سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

ریجنز کا انحصار پی سی بی پر کم ہو گا۔ ملاقات کے دوران ٹاسک فورس کی تجاویز پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم فیڈریشنز کے انتظامی اخراجات ادا کرنے کے متحمل نہیں۔ہمیں کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ کھیلوں کے حوالے سے نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر صوبے میں سے دو پسماندہ ڈسٹرکٹ کا انتخاب کیا جائے اور وہاں کھیلوں کے فروغ کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں۔ ملاقات کے دوران ٹاسک فورس کی تجاویز پر "سپورٹس پاکستان " کے انتظامی ڈھانچے اور عملدرآمد کمیٹی پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر احسان مانی نے کہا کہ سپورٹس یو کے ، کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور سپورٹس پاکستان کے لیے تعاون بڑھانے کیلئے خواہاں ہے۔