رمضان شوگر ملز ، صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں حمزہ شہباز کی عدالت میں پیشی

لیڈر آف اپوزیشن کے وکلا کوگرفتاری کی وجوہ، انکوائری و تفتیشی ریکارڈ فراہم کر دیا. نیب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 22 مئی 2019 14:15

رمضان شوگر ملز ، صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں حمزہ شہباز ..
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 مئی۔2019ء) رمضان شوگر ملز ، صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں حمزہ شہباز اپنی ضمانت میں توسیع کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوگئے ، وکیل نیب نے کہا حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کیا گیا تو خدشہ ہے ملک سے فرار ہو جائیں گے. تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے رمضان شوگر ملز ، صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کیلئے درخواستوں پر سماعت کی.

(جاری ہے)

عبوری ضمانتوں میں توسیع کیلئے حمزہ شہباز لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ،وکیل نیب نے کہا حمزہ شہبازکے وکلا کوگرفتاری کی وجوہ، انکوائری و تفتیشی ریکارڈ فراہم کر دیا ، عدالت کو اختیار ہے ضمانت خارج کردے یا منظور ، جو دستاویزات حمزہ شہباز کے وکلا نے مانگی انہیں فراہم کر دیں ہیں. نیب کے وکیل نے کہا کہ حمزہ شہباز نے اربوں کے اثاثے بنائے جن کے ذراائع نامعلوم ہیں ، بھائی سلمان اور والدہ کے اکاﺅنٹ میں بیرون ملک سے اربوں روپے آئے ، حمزہ شہباز سے تحقیقات کرنے کے لیے گرفتاری ضروری ہے ، حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کیا گیا تو خدشہ ہے ملک سے فرار ہو جائیں گے.

وکیل حمزہ شہباز نے کہا انکوائری پرچیئرمین نیب کی اجازت کاتحریری حکم نہیں دیا جا رہا، اجازت نامہ موجود نہیں تو تمام کارروائی غیر قانونی ہے، جس پر وکیل نیب کا کہنا تھا انکوائری کی اجازت اورگرفتاری کی وجوہات فراہم کر دی گئی ہیں. وکیل نیب نے مزید کہا حمزہ شہباز کے اکاﺅنٹس میں 50کروڑکی مشکوک ٹرانزیکشنز پائی گئیں، 18 کروڑ 10 لاکھ باہرسے آئے، حمزہ شہباز نے بے نامی جائیدادیں بنائیں اور 20 لاکھ سےزائد والدہ اوربھائی کے اکاﺅنٹ سے وصول کیے.

وکیل نیب کا کہنا تھا 2000 میں شہبازشریف فیملی کےاثاثے 5سے 6کروڑ روپے کے تھے ، اب اثاثوں کی قیمت اربوں میں ہے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے 9 صنعتی یونٹ قائم کئے. حمزہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، پولیس کی بھاری نفری ہائی کورٹ کے اندر اور اطراف میں تعینات کی گئی ، ن لیگی کارکنوں کواحاطہ عدالت میں داخل ہونےسےروک دیا گیا‘خیال رہے لاہور ہائی کورٹ نے آج تک کیلئے حمزہ شہباز کو عبوری ضمانت دے رکھی ہے.

دوسری جانب نیب نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت خارج کرانے کی حکمت عملی وضع کرلی ہے اور نیب تفتیشی افسران نے حمزہ شہبازکےخلاف چارج شیٹ بھی تیار کرلی ہے. تفتیشی افسران کی جانب سے شواہد اور ریکارڈ پراسیکیوشن ٹیم کے حوالے کئے جائیں گے، شہبازشریف خاندان کے گرفتار فرنٹ مینوں سے تفتیش اور شریف فیملی کی کمپنیوں میں ملازمین کے اکاﺅنٹس سے آگاہ کیاجائےگا.

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی کے چپراسی کے اکاﺅنٹ سے3ارب سے زائدٹرانزیکشن ہوئی، مقصود احمدشریف فیملی کی ملکیت چنیوٹ انرجی آفس میں چپراسی ہے، اربوں روپے چپراسی کے اکاﺅنٹ میں جمع کرائے گئے. نیب ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز اورسلمان شہبازاکاﺅنٹ میں رقم رکھتے جسے کیش کرایاجاتا ، شہبازشریف،حمزہ شہبازاورسلمان شہبازنے خطیررقم بیرون ملک بھجوائی،رقم فضل داد عباسی کی معاونت سے بیرون ملک بھجوائی گئی جبکہ حمزہ شہباز سے تحقیقات میں عدم تعاون کا الزام عائد کیا جائے گا.