بھارتی جنتا پارٹی بغیر کسی اتحاد کے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی

بی جے پی نے حکومت بنانے کے لیے درکار 272نشستیں سے زائد نشستیں حاصل کر لیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 23 مئی 2019 22:20

بھارتی جنتا پارٹی بغیر کسی اتحاد کے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی2019) بھارتی جنتا پارٹی نے ملک میں حکومت بنانے کے لیے واضح اکثریت حاصل کر لی ہے۔ بھارت میں 543نشستوں میں سے 542نشستوں پر 6ہفتوں میں انتخابات مکمل ہو گئے ہیں۔ بھارتی حکومتی پارٹی بی جے پی نے 300نشستیں حاصل کی ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں حکومت بنانے کے لیے 272نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ بھارتی جنتا پارٹی نے 300نشستیں حاصل کی ہیں جس کے بعد بی جے پی تنہا ہی حکومت بنانے کے قابل ہو گئی ہے جبکہ دوسری جانب اپوزیشن پارٹی کانگرس نے 52، اے ڈی ایم کے نے 23، شیوسینا نے 18اور دیگر چھوٹی پارٹیوں نے 102سیٹیں حاصل کی ہیں۔

بھارتی جنتا پارٹی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے مجموعی طور پر 345نشستیں حاصل کی ہیں اور اب یہ بات یقینی ہو گئی ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی بغیر کسی رکاوٹ کے دوبارہ حکومت بنائے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ لوک سبھا کےانتخابات کے آخری مرحلے کے بعد ایگزٹ پولز کے نتائج جاری کیے گئے تھے جس کے مطابق 2019ء کے بھارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اوراس کے اتحادیوں کے جیتنے کے قوی امکانات ہیں لیکن کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے ایگزٹ پولزکے نتائج کو مسترد کر دیا تھا۔

تاہم اب ابتدائی نتائج کے مطابق مودی سرکار کی ہی فتح نظر آ رہی ہے اور بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگرس کے سربراہ راہول گاندھی نے الیکشن میں شکست تسلیم کر لی۔ یاد رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والی 7 مرحلوں پر مشتمل بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں 90 کروڑ میں سے 54 کروڑ 20 لاکھ ووٹرزنےحق رائے دہی استعمال کیا اور اپنے اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ووٹ دیا جس کے نتیجے میں بھارتی جنتا پارٹی نے ملک میں حکومت بنانے کے لیے واضح اکثریت حاصل کر لی ہے۔