قومی احتساب بیورو کی نیوز ون ٹی وی پر چیئرمین نیب کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کی سختی سے تردید

خبرحقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ ہے، نیب

جمعرات 23 مئی 2019 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) قومی احستاب بیورو (نیب) نے نیوز ون ٹی وی پر چیئرمین نیب کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ قرار دیا ہے، یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد نیب اور چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔

نیب کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب نے تمام دبائو اور بلیک میلنگ کو پس پشت رکھتے ہوئے اس بلیک میلر گروپ کے دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف ریفرنس کی بھی منظوری دے دی ہے۔ نیب نے کہا ہے کہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس بلیک میلر گروپ کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں 42 ایف آئی آرز درج ہیں جن میں بلیک میلنگ، اغواء برائے تاوان، عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے ، نیب اور ایف آئی اے کے جعلی افسر بن کر سرکاری اور پرائیویٹ افراد کو بلیک میل کر کے کروڑوں روپے لوٹنے کے ثبوت نیب کے پاس موجود ہیں، موجودہ خبر بھی بلیک میلنگ کر کے نیب کے ریفرنس سے فرار کا راستہ ہے، اس مذکورہ بلیک میلر گروپ کا سرغنہ فاروق اس وقت کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نیوز ون ٹی وی نے بھی اپنی خبر کی تردید اور اسے حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے چیئرمین نیب سے دل آزاری پر معذرت کی ہے جو صحافتی اصولوں کے عین مطابق ہے۔

متعلقہ عنوان :