بھارتی ریاست گجرات کے کالج کی عمارت میں آگ لگنے سے 19 طلباءجل کر ہلاک

20سے زائد طلبہ زخمی ہیں‘ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی . حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 25 مئی 2019 13:17

بھارتی ریاست گجرات کے کالج کی عمارت میں آگ لگنے سے 19 طلباءجل کر ہلاک
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی۔2019ء) بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک کالج کی عمارت کو آگ لگنے نتیجے میں 19 طلباءجل کر ہلاک ہوگئے ہلاک ہونے والوں میں بیشتر طالبات تھیں. شہری دفاع کے حکام نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ طلباءنے اس المناک حادثے میں اپنی جانیں آگ سے جھلسنے اور عمارت سے کودنے کے دوران گنوائیں.

انٹرنیٹ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس خوفناک حادثے کی وڈیوز دن بھر شائع ہوتی رہی ہیں. شہری دفاع کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے شروع ہونے کے موقع پر اس عمارت کے سب سے اوپر والی منزل پر 50 سے 60 لوگ موجود تھے.

(جاری ہے)

تادم تحریر اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ انہیں آتشزدگی کے واقعہ پر شدید رنج ہے.

ریاست گجرات کے مغربی شہر سورت میں موجود عمارت کی کھڑکیوں سے کالا دھواں نکلنے کے بعد طلبا کو چھلانگیں لگاتے اور گرتے ہوئے دیکھا گیا‘زیادہ تر متاثرین نوجوان تھے جو ٹیوشن سینٹر میں پڑھ رہے تھے. آگ لگنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی تاہم حکام کا کہنا ہے آگ کلاس روم کے چھت میں استعمال کیے گئے مواد کی وجہ سے پھیلی. زخمی ہونے والے کم از کم 20 طلبا کا گجرات کے ہسپتال میں علاج جاری ہے‘مقامی فائر آفیسر دیپک سپتھالے کے مطابق آگ لگنے اور عمارت سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے طلبا نے اپنی زندگیاں کھو دیں.

مرنے والے تمام افراد کی عمریں 20 برس سے کم تھیں اور زیادہ تر طلبا سیڑھیوں کے قریب لگی آگ کی وجہ سے پھنس گئے تھے‘وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مقامی حکام کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے.گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے رپانی کے ترجمان کے مطابق معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جس کی رپورٹ تین دن میں متوقع ہے. یہ انڈیا میں ہونے والی خوفناک آتشزدگیوں میں سے ایک ہے اس سے قبل فروری میں دلی کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے.