سپریم کورٹ کی تاریخ میں پہلی بار وڈیو لنک سے مقدمات کی سماعت

چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ اسلام آباد میں دلائل سنے اور وکلا کراچی سے ویڈیو لنک پر دلائل دیں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 25 مئی 2019 14:40

سپریم کورٹ کی تاریخ میں پہلی بار وڈیو لنک سے مقدمات کی سماعت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی۔2019ء) سپریم کورٹ کی تاریخ میں پہلی بار پیر سے وڈیو لنک سے مقدمات کی سماعت ہوگی، چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ اسلام آباد میں دلائل سنے اور وکلا کراچی سے ویڈیو لنک پر دلائل دیں گے. تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ویڈیو لنک سے سماعتوں پر کیسز کی فہرست جاری کردی گئی ہے ، ویڈیو لنک سے کراچی رجسٹری کے مقدمات پرسماعت کی جائے گی، ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کا آغاز27 مئی سے ہوگا‘چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ای مقدمات کی سماعت کرےگا.

(جاری ہے)

چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ ضمانت قبل از گرفتاری سمیت دیگر فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا،سپریم کورٹ کراچی رجسٹری برانچ سے وکلا ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے دلائل دیں گے، ای مقدمات کا آغاز ابتدا میں صرف سپریم کورٹ اسلام اباد کی پرنسپل سیٹ میں ہو گا.یاد رہے 23 مئی کو سپریم کورٹ میں ای جوڈیشل سسٹم متعارف کروایا گیا تھا اور کہا گیا تھا انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ’‘ای کورٹ‘ ‘کا آغاز کیا جا رہا ہے.

سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس مقدمے کی سماعت ای جوڈیشل سسٹم سے کریں گے، ای جوڈیشل سسٹم پر کراچی کے کچھ مقدمات کی سماعت ہوگی‘چیف جسٹس سپریم کورٹ اسلام آباد میں موجود ہوں گے.ای کورٹ کی سہولت سے مقدمات کے التوا کی حوصلہ شکنی ہوگی، وکلا اپنا کیس کسی تاخیر کے بغیر پیش کر سکیں گے، وکلا کو اپنے ہی شہر میں دلائل دینے کی سہولت میسر ہوگی. ای کورٹ سسٹم سے سائلین کو جلد انصاف اور پیسے کی بھی بچت ہوگی جبکہ ای کورٹ سسٹم مقدمات کا بیک لاک ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا.