منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل،وفاقی و صوبائی وزراء کو دورے کی دعوت دیدی گئی

ہفتہ 25 مئی 2019 19:23

لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) منہاج القرآن کے زیر اہتمام کل اتوار کو ملک بھر سے ہزاروں مرد و خواتین بچے شہر اعتکاف کا حصہ بنیں گے۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہر روز رات ساڑھے گیارہ بجے یوکے سے معتکفین سے ویڈیو لنک پر خطاب کرینگے۔ گزشتہ روز منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ٹائون شپ شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا،سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر اعتکاف کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے پولیس کو تحریری طور پرآگاہ کر دیا گیا ہے ،اس کے علاوہ پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کی خدمات بھی لی گئی ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے ہدایت کی کہ معتکفین کے قیام ،طعام اورآرام میں کوئی غفلت نہ برتی جائے جبکہ 24 گھنٹے پانی اور بجلی کی فراہمی کے متبادل انتظامات بھی کئے جائیں بالخصوص خواتین کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

منہاج القرآن کی انتظامیہ کی طرف سے انہیں بتایا گیاکہ وفاقی و صوبائی وزراء جن میں شیخ رشید احمد،ڈاکٹر نور الحق قادری اور صمصام علی بخاری،راجہ یاسر،چوہدری ظہیر الدین خان،محسن لغاری،شفقت محمود،میاں محمود الرشید،اسلم اقبال سمیت دیگر رہنما شا مل ہیں کو بھی دورہ کی دعوت دی گئی ہے۔