Live Updates

شرجیل خان اور کامران اکمل انضمام الحق کی آل ٹائم ورلڈکپ الیون میں شامل

چیف سلیکٹر نے عمران خان کو اپنی ٹیم کا کپتان چنا،مشتاق احمد نظر انداز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 مئی 2019 14:30

شرجیل خان اور کامران اکمل انضمام الحق کی آل ٹائم ورلڈکپ الیون میں شامل
برسٹل(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مئی 2019ء) چیف سلیکٹر انضمام الحق کی آل ٹائم ورلڈکپ الیون میں شرجیل خان اور کامران اکمل بھی شامل ہیں۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان کی آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کے انتخاب کو مشکل ٹاسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مٹی بہت زرخیز ہے، ہماری کرکٹ میں بہت بڑے نام موجود ہیں جنہوں نے اپنے دور میں بہت نام کمایا ،اب ان میں سے چند کا انتخاب کرنا آسان نہیں۔

سابق کپتان نے اس ٹیم کا انتخاب کرکے 13 نام تجویز کیے اور عمران خان کو اس کا کپتان چنا، انضمام نے اوپنرز میں ماجد خان، سعید انور کے ساتھ شرجیل خان کو شامل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شرجیل خان بہت زبردست اوپنر ہے بدقسمتی سے وہ پاکستان کے لیے زیادہ کھیل نہیں پایا۔ مڈل آرڈر میں انضمام نے ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمدیوسف کو منتخب کیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ پرفارمنس کے اعتبار سے ان کی خود کی بھی اس ٹیم میں جگہ بنتی ہے لیکن دوسروں کو ترجیح دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

انضمام کے مطابق فاسٹ باﺅلرز میں عمران خان، وسیم اکرم، وقاریونس کے ساتھ شعیب اختر میری ٹیم کا حصہ ہیں۔ سپن باﺅلنگ میں عبدالقادرکی بہت زیادہ خدمات ہیں تاہم ون ڈے ٹیم میں ثقلین مشتاق اور شاہد آفریدی کو فہرست میں درج کروں گا۔ وکٹ کیپنگ میں وسیم باری، معین خان ، راشد لطیف کی بڑی خدمات ہیں لیکن موجودہ ون ڈے کرکٹ کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس شعبے میں میری چوائس کامران اکمل ہیں،کامران بہت زبردست ہٹنگ بھی کرنےکی صلاحیت رکھتا ہے، اس کو کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرائی جاسکتی ہے، اس کی موجودگی سے بیٹنگ کو بہت سہارا ملتاہے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان میں ایک سے بڑھ کر ایک کرکٹر ہے،وہ جن کے نام نہیں لے سکے ان سے پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات