سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا

منگل 28 مئی 2019 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں کا منگل کوزرداری ہائوس اجلاس میں منعقد ہوا جس کی صدارت سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ طور پر کی۔ اس اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، فریال تالپور، سید نیر حسین بخاری، نوید قمر، مصطفی نواز کھوکھر، لطیف کھوسہ، ہمایوں خان، مرتضیٰ وہاب، قیوم سومرو، چوہدری منظور، عامر فدا پراچہ اور فرحت اللہ بابر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال، وزیرستان میں کشیدگی، افراط زر میں زیادتی اور ملک میں انتقامانہ احتساب کے عمل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نیب عدالت میں بالترتیب بدھ کو پیش ہوں گے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیتے ھوئے مطالبہ کیا کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے قابل احترام رکن پر دہشتگردی کا الزام لگا کر انہیں حراست میں رکھا گیا ہے اسپیکر قومی اسمبلی نے اس کا فوری نوٹس لیں۔