Live Updates

مریم نواز پر بھی کیس بنایا جا رہا ہے، حامد میر

مریم نواز کیخلاف کیس کی تفصیلات چند روز میں سامنے آجائیں گی، شہباز شریف کی درخواست پر 13جون کو فیصلہ ہونا ہے۔سینئر تجزیہ کار اورصحافی حامد میر کا تبصرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 جون 2019 21:25

مریم نواز پر بھی کیس بنایا جا رہا ہے، حامد میر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 جون 2019ء) سینئر تجزیہ کار اورصحافی حامد میر نے کہا ہے کہ مریم نواز پر بھی کیس بنایا جا رہا ہے، مریم نواز کیخلاف کیس کی تفصیلات چند روز میں سامنے آجائیں گی، شہباز شریف کی درخواست پر 13جون کو فیصلہ ہونا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے آج آصف زرداری کو گرفتار کیا ہے، اب نیب کی کوشش ہے کہ بلاول بھٹو کیخلاف بھی عدالت میں ثبوت پیش کیے جائیں اور ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

اسی طرح شہباز شریف کی درخواست پر بھی 13جون کو فیصلہ ہونا ہے۔ اسی طرح یہ بھی سننے میں آرہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز پر بھی کیس بنایا جا رہا ہے۔ مریم نواز کیخلاف کیس کی تفصیلات چند روز میں سامنے آجائیں گی۔

(جاری ہے)

بہت سی شخصیات نیب کے ٹارگٹ پر ہیں۔ حامد میر کے سوال پرن لیگی رہنماء ملک احمد خان نے کہا کہ ابھی تک نیب نے جومقدمات بنائے ہیں،رمضان شوگر کیس میں نیب نے شہبازشریف کیس میں بڑی ہزیمت اٹھائی۔

اسی طرح زرداری کیس میں یہ تھاکہ 4 ارب کا الزا م لگایا جبکہ انکوائری میں ڈیڑھ کروڑ سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے شہزاد اکبر پراعتماد کرنا ہے توپھر شہزاد اکبر ہی حکومت کو گرانے کیلئے کافی ہوتے ہیں۔شہزاد اکبر حکومت کو قانون کی خلاف ورزی کروا رہے ہیں۔ واضح رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بنک اکاونٹس کے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس پر فیصلہ سنا دیا ہے۔

جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن کیانی نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ سابق صدرآصف علی زرداری اور فریال تالپور کی مستقل ضمانت مسترد کردی ہے۔ جس کے ساتھ میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی۔ جس کے بعد نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب ٹیم نے گھر میں جا کر آصف زرداری کو گرفتار کیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد گرفتاری کیلئے زرداری ہاؤس اسلام آباد کے 8 سیکٹر میں نیب ٹیم پہنچ گئی۔ اور نیب نے  آصف زرداری کو گرفتار کرلیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات