ایم کیو ایم پارٹی اثاثہ جات ، لندن بھیجی گئی رقم نا ظاہر کر نے کا معاملہ ،دلائل سننے کیلئے 27جون کی تاریخ مقر ر

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈاکٹر فاروق ستار، ارشد وہرہ، خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل کو نوٹسز جاری کر دئیے

منگل 11 جون 2019 14:54

ایم کیو ایم پارٹی اثاثہ جات ، لندن بھیجی گئی رقم نا ظاہر کر نے کا معاملہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2019ء) ایم کیو ایم پاکستان کے پارٹی اثاثہ جات میں لندن بھیجی گئی رقم نا ظاہر کر نے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے کیس سے متعلق دلائل سننے کیلئے 27جون کی تاریخ مقرر کر دی ۔منگل کو چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل اکبر خان جبکہ درخواست گزار کے وکیل سعید الرحمان صدیقی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ رقم کس طرح بیرون ملک بھیجی گئی۔ وکیل درخواستگزار نے کہاکہ ایک لاکھ اسی ہزار پاؤنڈ سن چیرٹی کے ذریعے لندن بھجوائے گئے۔الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر فاروق ستار، ارشد وہرہ، خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل کو نوٹسز جاری کر دئیے،۔الیکشن کمیشن نے خدمت الخلق فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹنٹ طارق میر اور ڈائریکٹر سن چیرٹی سید احمد کو لندن کے پتے پر نوٹسز جاری کئے گئے،الیکشن کمیشن نے کیس سے متعلق دلائل سننے کے لئے 27 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔