کسان اپنی 4 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی بی ایم ڈبلیو میں فیول ڈلوانے کے مرغیاں چرانےلگا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 11 جون 2019 23:39

کسان اپنی  4 کروڑ 40 لاکھ  روپے مالیت کی بی ایم ڈبلیو میں فیول ڈلوانے کے ..

چین کے صوبے سیچوان کے ایک دولت مند کسان  کو مبینہ طور پر کئی دیہاتوں سے  مرغیاں  اور بطخیں چرانے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس شخص نے یہ مرغیاں اور بطخیں اپنی 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر مالیت کی بی ایم ڈبلیو میں فیول ڈلوانے کے لیے چرائی تھیں۔
لنشوئی کاؤنٹی میں پولیس کو پچھلے ماہ بہت سے دیہاتوں سے مرغیاں اور بطخیں چرائے جانے کی رپورٹس ملی تھیں۔

تاہم پولیس نے سوچا بھی نہ تھا کہ مجرم علاقے کا دولت مند ترین کسان ہوگا۔ یہ شخص کئی منزلہ بنگلے میں رہتا ہے اور 2 ملین یوان سے زیادہ مالیت کی  للگژری بی ایم ڈبلیو چلاتا ہے۔
بظاہر ایسا لگتا ہے کہ  چیانگ (فرضی نام) بی ایم ڈبلیو کے اخراجات پورے کرنے کےلیے مرغیاں اور بطخیں چرانے لگا۔
مرغیوں اور بطخوں کی چوری کی وارداتیں زیادہ ہوئی تو پولیس نے علاقے کی نگرانی شروع کر دی۔

(جاری ہے)

نگرانی کے کیمروں سے پتا چلا کہ چور ایسی موٹر سائیکل پر سوار ہوتا ہے، جس پر نمبر پلیٹ نہیں ہوتی اور رات گئےکاروائیاں کرتا  ہے۔تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا گیا تو یہ موٹر سائیکل چیانگ کے گھر سے برآمد ہوتی دکھائی دی۔ پولیس کےپاس چیانگ جیسے مالدار کسان کو چھوٹی موٹی چوریوں میں ملوث کے لیے ثبوت ناکافی تھے، اس لیے انہوں نے اس کے گھر کی نگرانی شروع کردی۔


چینگڈو بزنس ڈیلی کے مطابق  مرغیوں کے ڈیلر چیانگ کے گھر دکھائی دینے لگے۔ یہ ڈیلر بظاہر چیانگ کی پالی ہوئی مرغیاں خریدنے کےلیے آتے تھے۔ بتدریج پولیس نے چیانگ کےخلاف ثبوت جمع کر لیے اور اسے ٹریفک میں روکنے کی کوشش تھی تاہم بی ایم ڈبلیو ہونے کی وجہ سے چیانگ آرام سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے چیانگ کے گھر میں چھاپہ مارکر مشکوک موٹرسائیکل ، بہت سی مرغیاں اور بطخیں برآمد کرلی۔

50سالہ  چیانگ نے بھی اپنی  چوری کا اعتراف کر لیا۔ چیانگ نے بتایا کہ اس کی بی ایم ڈبلیو بہت ”بھوکی“ ہے، جس کی وجہ سے اسے چور ی پر مجبور ہونا پڑا۔چیانگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اس پر چوری کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ چیانگ کی کہانی چینی سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوگئی ہے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ لگژری گاڑی کس طرح چوری پر مجبور کرتی ہے۔