Live Updates

حکومت نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود شاندار بجٹ پیش کیا جو خوشحالی کا سبب بنے گا،

اپوزیشن احتساب سے بچنے کیلئے پارلیمنٹ کو اکھاڑہ بنانا چاہتی ہے،جمشید اقبال چیمہ ،مسرت جمشید چیمہ

بدھ 12 جون 2019 16:31

حکومت نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود شاندار بجٹ پیش کیا جو خوشحالی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود شاندار بجٹ پیش کیا ہے جو خوشحالی کا سبب بنے گا۔ اپوزیشن احتساب سے بچنے کیلئے پارلیمنٹ کو اکھاڑہ بنانا چاہتی ہے جو قابل مذمت ہے۔ اگر کسی پر کرپشن کے الزامات ہیں تو انکو عدالتوں کا سامنا کرکے خود کو بے گناہ ثابت کرنا چاہیے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ این اے 127میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز احمد ،حلقے کے کوآرڈینیٹرز مہر محمد وسیم ، رانا عارف مشتاق، حاجی عبد الرزاق، محمد یوسف، محمد شکیل ، میاں جہانگیر ، ملک اللہ رکھا سمیت اہل علاقہ اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہمارا کرپشن کرنے والوں سے نہیں بلکہ اپنے ساتھ مقابلہ ہے کہ ہم سماجی اور معاشی میدان میں کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح موقف دہرا دیا ہے کہ میری جان بھی چلی جائے لیکن چوروں اور ڈاکوئوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی اور احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے ذاتی اناء کی تسکین کے منصوبے مکمل کئے گئے لیکن ہم نے اس روایت کو بدلا ہے۔ حلقے کے مسائل کے حل کیلئے تمام صوبائی اداروں سے رابطے کئے گئے ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز کی جانب سے حلقے کے مسائل بارے پیش کئے جانے والے مطالبات پر فور ی احکامات جاری کئے گئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات