۹ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو کا قلع قمع کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ

جمعرات 13 جون 2019 22:55

[پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو کا قلع قمع کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کاا ظہار آج کمشنر آفس ڈیرہ میں رواں ماہ کی 17تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ٹانک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی وزیرستان، آرمی افسران، سیکرٹری ٹو کمشنر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈیرہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان ، ایجنسی سرجن، این ایس ٹی او پی آفیسر، ای پی آئی کے انچارج، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں و دیگر متعلقہ محکموں کے افسرا ن و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ دور دراز اور گرے ایریاز میں انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کرنے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں، ریفیوزل اور دوسری خامیوں کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

لوگوں میں انسداد پولیو کے قطروں کے فوائد سے متعلق شعور پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رواں ماہ کی 17تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگا۔ انسداد پولیو مہم کے دوران تعینات کردہ پولیو ٹیمیںاپنے فرائض احسن طور پر سرانجام دیں گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اسے انتہائی محنت اور لگن سے کامیاب کروانا ہے اس سے متعلق منفی پراپیگنڈہ کی بیخ کنی کرنی ہے۔ مائیکرو پلان کے تحت انسداد پولیو مہم کی کامیابی کا طریقہ کار وضع کرنا ہے۔ پولیو سے متعلق تمام تر اعداد و شمار کا ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھنا ہے۔ پولیو ٹیموں کی نگرانی کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اجلاس سے ڈپٹی کمشنر ٹانک فہد وزیر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران دور دراز اور دور افتادہ علاقوں تک پولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی تاکہ پولیو مہم کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔