دنیا میں انسانیت ابھی پوری طرح ختم نہیں ہوئی

راولپنڈی کی ایک بیکری نے غریب افراد کو مفت کھانا دینے کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 جون 2019 18:00

دنیا میں انسانیت ابھی پوری طرح ختم نہیں ہوئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2019ء) : آج کل دور میں نفسا نفسی اور خود غرضی کا عالم ہے جہاں کوئی انسان دوسرے انسان کا نہ تو درد سمجھتا ہے اور نہ ہی اُسے سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ لیکن آج بھی کچھ ایسے لوگ اور شخصیات نظر آ ہی جاتی ہیں جن کو دیکھ کر انسانیت پر یقین بحال ہو جاتا ہے اور تسلی بھی ہوتی ہے کہ آج کے دور میں بھی ایسے کچھ لوگ موجود جن میں انسانیت کا جذبہ باقی ہے۔

ایسا ہی جذبہ راولپنڈی میں موجود بیکری کے مالک کا دیکھنے میں آیا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ راولپنڈی میں پشاور روڈ پر واقع ونگ بیکری کے شاندار قدم جاننے باقی سب کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کر دیا۔راولپنڈی کی ونگز بیکری کی انتظامیہ نے اپنی بیکری کے باہر ایک پوسٹر چسپاں کر رکھا ہے جس پر تحریر ہے کہ ''اگر آپ اپنے پیسے دینے کے متحمل نہیں ہیں تو پھر بھی اپنا سامان فی سبیل اللہ لے کر جاسکتے ہیں''۔

(جاری ہے)

بیکری کے اس پوسٹر کو دیکھ کر شہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یقین نہیں آتا کہ کسی میں اب بھی اس قدر انسانیت کا دکھ درد سمجھنے کا جذبہ ہو سکتا ہے۔ یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جہاں انٹرنیٹ صارفین نے بیکری انتظامیہ کے اس اقدام کو خوب سراہا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ بیکری انتظامیہ اور اس کی مخلوق کا درد رکھنے والوں کو اس بات کا اجر دے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں ایسی کئی آفرز کی گئی ہیں جہاں غریبوں کو مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے جبکہ کئی ایسے لنگر خانے ہیں جہاں غریبوں اور مسکینوں کو دو وقت کی روٹی بالکل مفت دی جاتی ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ ہمیں بھی اپنے ارد گرد نظر دوڑانی چاہئیے اور غریبوں کی مدد کرنے کے اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئیے تاکہ ہم بھی ثواب کما سکیں اور اللہ کی بارگاہ میں سرخرو ہو سکیں۔