پنجاب حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا،

بجٹ خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگیاں گزارنے والے عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا، دوست محمد مزاری

ہفتہ 15 جون 2019 19:16

پنجاب حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا،
لاہور۔15 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے‘ حکومت نے معیشت سمیت تمام شعبوں میں مثالی اقدامات کیے ہیں‘ یہ بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے اور خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگیاں گزارنے والے عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اس دفعہ جنوبی پنجاب کے عوام کو آبادی کے تناسب سے زیادہ رقوم فراہم کی ہیں۔جنوبی پنجاب کے ساتھ کی گئی زیادتیوں کے ازالے کے لیے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیا گیا ہے اور حکومت کا یہ فیصلہ قابلِ تحسین ہے کہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص ترقیاتی بجٹ کو صرف جنوبی پنجاب ہی میں استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کو لنگڑی اور کھوکھلی معیشت ورثہ میں ملی تھی لیکن حکومت نے عوام کے حقوق کی بحالی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اس مختصر عرصہ میں جو تاریخ ساز اقدام کیے ہیںان کی بدولت آج مثبت اور عوامی بجٹ پیش کیا ہے۔ بجٹ میں ہر شعبہ میں غریب آدمی کے لیے ایک اچھا ریلیف دیا گیا ہے اور موجودہ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگراموں پر عمل درآمد سے ملک میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

تعلیم ، صحت، زراعت، پینے کے صاف پانی اوردیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔وفاقی بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب امید کی جا سکتی ہے کہ موجودہ بجٹ ملکی معیشت کو ہر صورت سنبھالا دینے میں معاون ثابت ہوگا اور معاملات تیزی سے درستگی کی طرف بڑھیں گے۔پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کی تمام تر پالیسیاں ملک و قوم کے مفاد میں ہیں۔ غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عوام دوست پالیسیاں ترتیب دی جا رہی ہیں اور عوام کے حقوق کی بحالی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔معیشت کے حوالے سے حکومت اب درست سمت کی طرف چل پڑی ہے اور اب انشاء اللہ کامیابی ہوگی۔