وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا والد سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 15 جون 2019 23:33

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا والد سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے ..
لاہور۔15 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہے، جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔والد گرامی کے انتقال کے بعد ان کی کمی زندگی کے ہر موڑ پر محسوس ہوتی ہے۔ اپنے شفیق باپ کے ساتھ گزرے لمحات کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ آج جس مقام پر ہوں، اس میں میرے والد مرحوم کی محنت اور دعائیں شامل ہیں۔

وزارت اعلیٰ کا عہدہ والد مرحوم کی دعاؤں کا مرہون منت سمجھتا ہوں اور میں اپنے عظیم والد مرحوم کو زندگی کے کسی بھی لمحے بھول نہیں سکتا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے والد سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اولاد کیلئے والد کی حیثیت ایک سائبان کی طرح ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

د نیا اورآخرت کی کامیابیاں والد محترم کی عزت و احترام سے مشروط ہیں اور اسلام میں ہر حال میں والد کا عزت و احترام مقدم رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باپ کا رشتہ ہر غرض،بناوٹ اور دنیاوی تقاضوں سے پاک ہوتاہے اور انٹر نیشنل فادرز ڈے والد سے پیار، محبت اور شفقت کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتھک محنت اور خلوص سے اولاد کی شخصیت کی تعمیر والد کے رشتے کا خوبصورت پہلو ہے اور ’’فادرڈے‘‘ ہمیں معاشرے میں والد کو اعلیٰ مقام دینے کے عزم کی یاددہانی کاموقع دیتا ہے۔