سیاسی بازی گر حکومت کیخلاف متحرک ہوگئے ،نان ایشو کو ایشو بناکر اپنی کرپشن کو چھپانا چاہتے ہیں،عمران قریشی

پیر 17 جون 2019 23:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جب سے کرپٹ سیاستدانوں ، بیوروکریٹس اور ملک کی دولت لوٹنے والوں پر ہاتھ ڈالنا شروع کیا ہے تو سیاسی بازی گر حکومت کیخلاف متحرک ہوگئے ہیں اور وہ نان ایشو کو ایشو بناکر اپنی کرپشن کو چھپانا چاہتے ہیں۔

لیکن ملک کے عوام اچھی طرح جانتے ہیںکہ ان سیاستدانوں نے کس طرح قومی اداروں کو لوٹا ، کھربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرکے ملک کی دولت کو بیرون ممالک منتقل کیا اور اب جب اُن سے کرپشن کا حساب مانگا جارہا ہے تو وہ اب حکومت پر نئے نئے الزامات لگاکر اپنی بدعنوانی ، لوٹ مار پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قومی ادارے پی آئی اے، اسٹیل مل، بینک سمیت دیگر کو کرپشن کی نذر کردیا گیا جس میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین بھوک و بدحالی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی مہنگائی اور غریب افراد کی بات کرتی ہے سب سے زیادہ غریبوں کو نقصان پیپلزپارٹی نے پہنچایا ہے۔ لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، دادو، سیہون سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں غریب افراد ایڈز اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا ہوایڑیاں رگڑ رہے ہیں لیکن پیپلزپارٹی کی حکومت ان کے نام پر ملنے والا بجٹ اپنی عیاشیوں پر خرچ کرچکی ہے۔