اسسٹنٹ کمشنررائیونڈکا تجاوزات کے خلاف ایکشن، سڑکوں پر موجود تجاوزات کو ہٹوا دیا

رائیونڈاوراس کے ملحقہ علاقوں کے تمام چوک اور سڑکوں پر تجاوزات کا خاتمہ ترجیح ہے، اسسٹنٹ کمشنررائیونڈکی گفتگو

منگل 18 جون 2019 13:33

خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2019ء) اسسٹنٹ کمشنررائیونڈعدنان بدر کا تجاوزات کے خلاف ایکشن، تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنررائیونڈعدنان بدرنے ایکشن لیتے ہوئے رائیونڈروڈ،مین بازار اور دیگر سڑکوں پر موجود تجاوزات کو ہٹوا دیا ہے، اس موقع پرسینئرصحافی ڈاکٹرمحمدعدنان کیساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنررائیونڈعدنان بدرنے کہا کہ رائیونڈاوراس کے ملحقہ علاقوں کے تمام چوک اور سڑکوں پر تجاوزات کا خاتمہ ترجیح ہے، رائیونڈ میں تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو کافی مسائل کا سامنا تھااور دکانداروں کو بھی خاصی پریشانی ہوتی تھی اور سب سے زیادہ مسافروں اور سکول کے بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب اس آپریشن کے بعد عوام کو خاصی سہولت حاصل ہوگی،انہوں نے مزیدکہا کہ ہم تجاوزات کے خلاف آپریشن کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

شہر میں ناجائز تجاوزات ،ٹھیے اور ریڑھی بانوں کے ضمن میں تاجروں کے ساتھ مشاورت کر کے ان کے خاتمے کے لیے ایک حکمت عملی بنائی جائے گی جس پر عمل درآمد کیا جائیگا انہوں نے انکروچمنٹ انسپکٹر کو سختی سے ہدایت کی کہ اگر انکروچمنٹ سٹاف کے بارے میں کوئی شکایت وصول ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کو قانون اور میرٹ کے مطابق حل کر کے عوام کو ریلیف دینا ہے جسے ہم انشا اللہ پورا کریں گے۔