سمارٹ ہائی برڈ و الیکٹرک کاروں کی محدود درآمد سے تیل کے درآمدی بل میں 5 ارب ڈالر سالانہ بچت کی جا سکتی ہے، رانا عابد حسین سربراہ پاک جاپان بزنس کونسل

بدھ 19 جون 2019 21:31

سمارٹ ہائی برڈ و الیکٹرک کاروں کی محدود درآمد سے تیل کے درآمدی بل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) پاک جاپان بزنس کونسل(پی جے بی سی) کے سربراہ رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ سمارٹ ہائی برڈ اور الیکٹرک کاروں کی محدود درآمد سے تیل کے درآمدی بل میں باآسانی5 ارب ڈالر سالانہ بچت کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سمارٹ ہائی برڈ اور الیکٹرک کاروں کی محدود درآمد کی اجازت دے کر حکومت پٹرولیم کی مصنوعات میں نمایاں کمی کے ذریعے سالانہ5 ارب ڈالرکی بچت کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سالانہ15 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا تیل درآمد کرتا ہے جبکہ70 فیصد درآمدی تیل گاڑیاں چلانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ رانا عابد حسین نے کہا کہ تیل کی بڑھتی درآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر پر ادائیگیوں کے دبائو کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے اورمتعلقہ شراکت داروں کوبھی اس امر کا احساس کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سمارٹ ہائی برڈ اور الیکٹرک کاروں کی محدود درآمد سے زرمبادلہ کی بچت کی جاسکتی ہے اورملک میں چلنے والی صرف50 فیصد کاروں کو سمارٹ ہائی برڈ اور الیکٹرک کاروں میں تبدیل کرکے سالانہ5 ارب ڈالرکی بچت کو یقینی بنایا جاسکتاہے۔